سی ایم پنجاب وژن:ملتان کے تاریخی ورثے کی بحالی کا میگا منصوبہ، قلعہ کہنہ سمیت متعدد منصوبوں پر کام تیز

2

ملتان ،3 اگست) اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے تحت شہرِ اولیاء ملتان کے تاریخی ورثے کی بحالی کے لیے والڈ سٹی اتھارٹی کا میگا پراجیکٹ تیزی سے جاری ہے۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم کی زیر صدارت والڈ سٹی اتھارٹی کا اجلاس منعقد ہوا، جس میں قلعہ کہنہ، دمدمہ، لنگر خانہ، قدیمی لائبریری، کیفے اور فوڈ سٹریٹ منصوبوں پر پیش رفت کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر فنانس محسن نثار اور والڈ سٹی اتھارٹی کے حکام نے منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق بریفنگ دی۔ ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے کہا کہ قلعہ کہنہ، دمدمہ اور قدیمی لائبریری کی اپگریڈیشن سے ملتان کی تہذیبی و تاریخی شناخت کو اجاگر کیا جائے گا، جبکہ شہریوں کو بہتر تاریخی و ثقافتی سہولیات کی فراہمی کے ساتھ سیاحت کو بھی فروغ ملے گا۔

انہوں نے ہدایت کی کہ تمام منصوبے اعلیٰ معیار کے مطابق اور مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ لنگر خانہ 188 ملین روپے، لائبریری 43 ملین روپے، کیفے 39 ملین روپے اور فوڈ سٹریٹ 129 ملین روپے کی لاگت سے تعمیر کیے جا رہے ہیں، جبکہ والڈ سٹی اتھارٹی کے تحت 463 ملین روپے کی لاگت سے فصیل کی مکمل اپ گریڈیشن بھی کی جائے گی۔