اسلام آباد، 12 اگست )اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی، ترقی و خصوصی اقدامات احسن اقبال سے چینی کمیونسٹ پارٹی کے وفد نے ملاقات کی، جس میں پاک چین دوطرفہ تعلقات، سی پیک اور مستقبل کے تعاون سمیت باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اس موقع پر احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور چین کی دوستی باہمی اعتماد، سیاسی اتفاقِ رائے اور ہر مشکل وقت میں ایک دوسرے کی حمایت پر مبنی ہے جبکہ سی پیک کی کامیابی دونوں ممالک کی قیادت کے مضبوط سیاسی عزم اور ارادے کا نتیجہ ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان چینی کمیونسٹ پارٹی کی تنظیم، قیادت، طرز حکمرانی اور طویل المدتی منصوبہ بندی کے تجربے سے سیکھنا چاہتا ہے۔ پانچ سیاسی راہداریاں سی پیک ٹو پوائنٹ زیرو کے لیے سیاسی اور ادارہ جاتی بنیاد فراہم کرسکتی ہیں، جبکہ پاکستان چین کے درمیان ان راہداریوں کے تحت منظم تعاون کو فروغ دینا چاہتا ہے۔
احسن اقبال نے چینی نوجوان سیاسی قیادت کو پاکستان آنے کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کے باہمی تبادلے آئندہ نسل کی قیادت میں پاک چین دوستی کے مضبوط رشتے قائم کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ سی پیک ٹو پوائنٹ زیرو کو پاکستان کے فائیو ایز کے ساتھ ہم آہنگ کرکے پیداوار، جدت، گرین انرجی اور علاقائی روابط کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
چینی کمیونسٹ پارٹی کے رہنما لیو ڈاشیو نے سی پیک کی ترقی میں احسن اقبال کے کردار کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ سی پیک کی کامیابی میں احسن اقبال کا اہم کردار ہے، اسی لیے چینی حلقوں میں انہیں محبت سے ‘‘مسٹر سی پیک’’ کہا جاتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان کے ساتھ مل کر ترقی اور مشترکہ مستقبل کی تعمیر کے لیے مسلسل کام کرتا رہے گا۔ چین سی پیک ٹو پوائنٹ زیرو، پاکستان کے فائیو ایز اور اعلیٰ معیار کے بیلٹ اینڈ روڈ تعاون کو مزید آگے بڑھانے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ چینی کمیونسٹ پارٹی اور مسلم لیگ ن کے درمیان جماعتی روابط، عملی تعاون اور ترقیاتی شراکت داری کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔











