ماہِ ربیع الاول محبتِ رسول ﷺ، عقیدت اور رحمت کا عظیم مہینہ ہے: ڈاکٹر احسان بھٹہ

3

لاہور19 اگست (اے پی پی ): سیکرٹری و چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا ہے کہ ماہِ ربیع الاول محبتِ رسول ﷺ، عقیدت، رحمت اور سعادت کا عظیم مہینہ ہے، جسے حکومتِ پنجاب حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ کی سیرتِ طیبہ اور تعلیمات کو عام کرنے کے جذبے کے ساتھ بھرپور شان و شوکت اور عقیدت و احترام سے منا رہی ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے کے وژن اور چیف سیکرٹری پنجاب زاہد اختر زمان کی زیرِ نگرانی محکمہ اوقاف و مذہبی امور پنجاب کی جانب سے صوبہ بھر میں سیرت النبی ﷺ کانفرنسز اور دیگر روح پرور پروگرامز کا سلسلہ جاری ہے، جس کا باقاعدہ آغاز فیصل آباد سے ہو چکا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے محکمہ اوقاف کے اعلیٰ افسران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، جس میں ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور پنجاب حافظ انیس الرحمان، ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف، نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر ایڈمن شاکر سندھو اور دیگر افسران نے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے بتایا کہ ڈویژنل سطح پر منعقد ہونے والی سیرت النبی ﷺ کانفرنسز میں معروف علماء کرام، قراء حضرات، عوامی نمائندگان، ڈویژنل کمشنرز، ڈی پی اوز اور مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی شخصیات شرکت کریں گی۔

انہوں نے بتایا کہ سیرت النبی ﷺ کانفرنسز کا شیڈول 19 اگست کو فیصل آباد، 20 اگست کو گوجرانوالہ اور سرگودھا، 21 اگست کو پاکپتن، 22 اگست کو ملتان اور بہاولپور، جبکہ 24 اگست کو راولپنڈی اور ڈیرہ غازی خان مقرر کیا گیا ہے۔ 25 اگست، 11 ربیع الاول کو لاہور میں سیرت النبی ﷺ یونیورسٹی میں مرکزی و اختتامی تقریب منعقد ہوگی۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ 25 اگست کو لاہور میں منعقد ہونے والی مرکزی تقریب میں صوبائی سطح کے سیرت النبی ﷺ مقابلہ جات بھی ہوں گے، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی بطور مہمانِ خصوصی شرکت متوقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضور نبی کریم حضرت محمد مصطفیٰ ﷺ پوری انسانیت کے لیے رحمت، محبت، عدل، امن اور حسنِ اخلاق کا کامل نمونہ ہیں اور آپ ﷺ کی سیرتِ طیبہ میں عصرِ حاضر کے تمام چیلنجز کا حل اور رہنمائی موجود ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہماری اجتماعی اور انفرادی زندگی کی کامیابی اسی میں ہے کہ ہم سیرتِ رسول ﷺ کو محض تقریبات تک محدود رکھنے کے بجائے آپ ﷺ کی تعلیمات کو اپنے کردار، معاملات اور معاشرت کا عملی حصہ بنائیں۔ ماہِ ربیع الاول کے بابرکت پروگرامز بالخصوص نوجوان نسل کو سیرتِ نبوی ﷺ سے جوڑنے، محبتِ رسول ﷺ کو فروغ دینے اور اسلامی اقدار و روایات کو اجاگر کرنے میں اہم کردار ادا کریں گے۔