پنجاب اور شن جیانگ کے درمیان زراعت، صنعت، ٹیکنالوجی اور اقتصادی تعاون بڑھانے پر اتفاق

2

لاہور، 26 اگست (اے پی پی): وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے شین جیانگ وایغور خودمختار علاقائی کمیٹی اور پروڈکشن اینڈ کنسٹرکشن کورپس کے پارٹی سیکرٹری و پولیٹیکل کمشنر ہی ژونگ یو سے ملاقات کی، جس میں پنجاب اور شن جیانگ کے درمیان اقتصادی، تجارتی اور عوامی سطح پر تعاون کے فروغ پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے پرتپاک استقبال پر ہی ژونگ یو کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ان کی دوراندیش قیادت کو سراہا۔ انہوں نے کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی 150ویں سالگرہ اور پاکستان چین تعلقات کے 75 سال مکمل ہونے پر مبارکباد بھی پیش کی۔

ملاقات میں میڈیکل، زراعت، معیشت، کاروبار، ٹیکنالوجی اور بنیادی ڈھانچے کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیا گیا، جبکہ عوامی سطح پر تبادلوں اور پاکستانی طلبہ کے لیے آن لائن تکنیکی معاونت کے امکانات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

مریم نواز شریف نے کہا کہ پنجاب اور شن جیانگ کے درمیان زراعت، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ پنجاب پاکستان کی فوڈ باسکٹ ہے اور جدید زرعی ٹیکنالوجی کے ذریعے پیداوار میں مزید اضافہ کیا جاسکتا ہے۔

وزیراعلیٰ نے پانی کی کمی کا شکار علاقوں میں بہتر فصلوں کے لیے واٹر ایفیشنٹ ٹیکنالوجی، ڈرپ اریگیشن اور معیاری بیجوں کے استعمال میں باہمی تعاون کی پیشکش کی۔ انہوں نے کہا کہ خشک اور قحط زدہ علاقوں میں پانی کی قلت پر قابو پانے کے لیے چین کے تجربات سے استفادہ کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ آبی ذخائر کے تحفظ کے لیے پنجاب کے مختلف علاقوں میں چین کے اشتراک سے پائلٹ پراجیکٹس شروع کیے جاسکتے ہیں، جبکہ قابل تجدید توانائی اور تکنیکی تعلیم کا فروغ بھی پنجاب حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

مریم نواز شریف نے ارمچی میں چھٹے بین الاقوامی میڈیا ٹور کے اقدام کو بھی سراہا اور کہا کہ عوامی اور ادارہ جاتی روابط کے فروغ سے پاکستان اور چین کے درمیان دوستی مزید مضبوط ہوگی۔