پنجاب میں صنعتی ورکرز کو 48 کروڑ روپے کی ویلفیئر گرانٹس دی جا رہی ہیں، محمد منشاء اللہ بٹ

2

سیالکوٹ : 29 اگست ( اے پی پی):  صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت پنجاب محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا ہے کہ وزیر اعلی مریم نواز شریف کی خصوصی ہدایت پر پنجاب میں صنعتی ورکروں میں ڈیڑھ و میرج گرانٹس اور تعلیمی وظائف کی مد میں 48 کروڑ روپے تقسیم کئے ۔

یہ بات انہوں نے مقامی مارکی میں صنعتی ورکروں میں چیکس تقسیم کرتے ہوئے کہی۔ تقریب میں سیالکوٹ میں مزید 285 صنعتی ورکرز میں ڈیتھ اور میرج گرانٹس کے امدادی چیکس تقسیم کئے۔

اس موقع پر ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ اویس مشتاق، صدر سیالکوٹ چیمبر آف کامرس سید احتشام مظہر گیلانی، رکن صوبائی اسمبلی چوہدری فیصل اکرام اور خواجہ سلطان سمیت صنعتکار اور محنت کش بھی موجود تھے۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر محنت و افرادی قوت محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ محکمہ محنت و افرادی قوت نے صنعتی ورکرز کو گرانٹس کی فراہمی کا نظام آن لائن کر دیا ہے، جس سے ورکرز کو سرکاری دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں رہی۔

انہوں نے کہا کہ لاہور، گوجرانوالہ، سیالکوٹ، فیصل آباد، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں صنعتی ورکرز میں گرانٹس کے چیکس تقسیم کئے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے وژن کے مطابق محکمہ محنت نے ورکرز کو گرانٹس کی فراہمی کا طریقہ کار تبدیل کر دیا ہے۔

محمد منشاء اللہ بٹ نے کہا کہ جن گرانٹس کے چیکس کی تقسیم آج کی جا رہی ہے، وہ کئی سال سے التوا کا شکار تھے۔ انہوں نے کہا کہ اب یہ چیکس محنت کشوں کو صنعتکاروں کی موجودگی میں فراہم کئے جا رہے ہیں تاکہ ان کے مسائل کا بروقت ازالہ یقینی بنایا جا سکے۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ محنت کش اللہ تعالیٰ کا دوست ہے اور اس کے ساتھ کسی قسم کی زیادتی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے صنعتکار دنیا بھر میں ملک کا جھنڈا سربلند کر رہے ہیں جبکہ ہمارے مزدوروں کی صلاحیتوں کا لوہا پوری دنیا مانتی ہے۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پنجاب محنت کشوں کی فلاح و بہبود، ان کے حقوق کے تحفظ اور انہیں سہولیات کی فراہمی کے لئے مزید اقدامات جاری رکھے گی۔