قصور،29 اگست ( اے پی پی):برصغیر پاک و ہند کے عظیم صوفی بزرگ، عارف، درویش اور پنجابی زبان کے نامور شاعر حضرت سید عبداللہ شاہ المعروف حضرت بابا بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کے 269ویں سالانہ عرس مبارک کے موقع پر مجلس بلھے شاہ کے زیر اہتمام بلھے شاہ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔
کانفرنس میں سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ایڈووکیٹ نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ تقریب میں ایم پی اے و چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری ایڈووکیٹ، سابق ایم این اے و ممبر سی ای سی پی پی چوہدری منظور احمد ایڈووکیٹ، ڈی پی او قصور آفتاب احمد پھلروان سمیت مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔
سپیکر پنجاب اسمبلی ملک محمد احمد خان ایڈووکیٹ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کی تعلیمات محض صوفیانہ کلام کا مجموعہ نہیں بلکہ انسان کو نفرت، تعصب، تکبر اور تقسیم سے نکال کر محبت، عاجزی، رواداری اور انسانیت کی طرف لے جانے والا فکری راستہ ہیں۔
انہوں نے کہا کہ بابا بلھے شاہ نے اپنے کلام کے ذریعے معاشرے میں موجود طبقاتی، مذہبی اور سماجی تفریق کے خلاف آواز بلند کرتے ہوئے انسان کو اس کی اصل پہچان یعنی انسانیت سے جوڑا۔ آج کے دور میں حضرت بابا بلھے شاہ کے پیغام کو نئی نسل تک منتقل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
ملک محمد احمد خان نے کہا کہ حضرت بابا بلھے شاہ رحمۃ اللہ علیہ کی عظمت کا بنیادی حوالہ ان کا وہ پیغام ہے جو دلوں کو جوڑتا اور انسان کو اپنے باطن کی اصلاح کی دعوت دیتا ہے۔ ان کی شاعری میں محبتِ الٰہی کے ساتھ ساتھ مخلوقِ خدا سے حسنِ سلوک، برداشت اور اخلاقی بلندی کا درس بھی ملتا ہے۔
تقریب سے ایم پی اے و چیئرمین وزیراعلیٰ پنجاب ضلعی مانیٹرنگ کمیٹی حاجی محمد نعیم صفدر انصاری، سابق ایم این اے و ممبر سی ای سی پی پی چوہدری منظور احمد ایڈووکیٹ اور دیگر شخصیات نے بھی خطاب کیا۔











