اقوام متحدہ، 3 ستمبر )اے پی پی):پاکستان نے امن و سلامتی کے شعبے میں خواتین کی قیادت اور ان کی بامعنی شرکت کو فروغ دینے کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے اس امر پر زور دیا ہے کہ پائیدار امن کی بنیاد کے طور پر خواتین کی قیادت میں مسلسل اور مؤثر سرمایہ کاری ناگزیر ہے۔
اقوام متحدہ میں ثقافتِ امن کے پروگرام آف ایکشن سے متعلق اعلیٰ سطحی فورم سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان کے نائب مستقل مندوب، سفیر عثمان جدون نے سیاسی عمل میں خواتین کی مکمل اور بامعنی شرکت کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ تعلیم اور انصاف تک ان کی بلا رکاوٹ رسائی کی ضرورت پر زور دیا۔
سفیر عثمان جدون نے کہا کہ خواتین امن کی ایک بڑی قوت ہیں، لیکن امن کے فقدان کا سب سے بڑا خمیازہ بھی انہی کو بھگتنا پڑتا ہے۔
ثقافتِ امن کے فروغ میں خواتین کے اہم کردار پر زور دیتے ہوئے نائب مستقل مندوب نے کہا کہ خواتین کی قیادت پائیدار اور دیرپا امن کے قیام میں نمایاں کردار ادا کر سکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلاشبہ، امن اس وقت زیادہ پائیدار ہوتا ہے جب خواتین مذاکرات کی قیادت کر رہی ہوں؛ جبکہ سیاسی عمل کے حاشیے پر موجودگی کی صورت میں امن غیر مستحکم اور قلیل مدتی ثابت ہوتا ہے۔
سفیر جدون نے پاکستانی خواتین کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا اور انسانی ترقی کے تمام شعبوں میں ان کی نمایاں خدمات کو سراہا، جن میں سیاسی قیادت، سفارت کاری، تدریس، عسکری خدمات اور اقوام متحدہ کے امن مشنز میں خدمات شامل ہیں۔
پاکستان نے اس موقع پر حقیقی اور پائیدار امن کے حصول میں خواتین کے مرکزی کردار پر اپنے پختہ یقین کا اعادہ کرتے ہوئے خواتین کی قیادت، بامعنی شرکت اور بااختیار بنانے کے لیے مسلسل اور مؤثر سرمایہ کاری پر زور دیا۔











