لودھراں، 09 ستمبر(اے پی پی): ڈپٹی کمشنر محمد اشرف کی زیرِ صدارت کمیٹی روم میں بینظیر نشوونما پروگرام کا باضابطہ تعارفی اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں ماں و بچے کی غذائیت سے متعلق خدمات کی مضبوطی، محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری اور مستحقین کو سہولیات کی آسان رسائی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
اجلاس کو بتایا گیا کہ بینظیر نشوونما پروگرام ضلع لودھراں سمیت جنوبی پنجاب کے مزید 12 اضلاع میں شروع کیا جا رہا ہے، جس کے تحت مستحق خواتین اور بچوں کو غذائیت کی ضروری سہولیات اور خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔
اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ ابتدائی طور پر تحصیل ہیڈ کوارٹر ہسپتال دنیا پور اور کہروڑ پکا میں 2 فسیلیٹیشن سنٹرز قائم کیے جائیں گے، جبکہ بعد ازاں لودھراں میں ایک مزید سنٹر قائم ہوگا جس کے لیے ڈی ایچ کیو یا ٹی ایچ کیو ہسپتال کو ترجیح دی جائے گی۔
اس موقع پر ورلڈ فوڈ پروگرام(ڈبلیو ایف پی) کی پروونشل ہیڈ ڈاکٹر عمارہ خان کی قیادت میں وفد نے شرکت کی۔ اجلاس میں پروگرام پالیسی آفیسر (نیوٹریشن) زارا نوید، سی ای او ہیلتھ ڈاکٹر عظیم ریاض، ڈسٹرکٹ کوآرڈینیٹر ڈاکٹر نعمان چوہدری اور ڈاکٹر عمر فاروق بھی موجود تھے۔
ڈپٹی کمشنر محمد اشرف نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ماں اور بچے کی بہتر نشوونما کے لیے ضلعی انتظامیہ ہر سطح پر بھرپور تعاون فراہم کرے گی۔ انہوں نے متعلقہ محکموں کو ہدایت کی کہ باہمی رابطہ کاری کے ذریعے پروگرام کے ثمرات مستحق خاندانوں تک منتقل کرنا یقینی بنایا جائے۔











