اوقاف کے ماڈل مزارات پر قائم تاریخی گیلریوں کے بھرپور دوروں کا اہتمام کیا جائے، سکولوں، کالجز اور دفاتر کو بھی دعوت دی جائے، ڈاکٹر احسان بھٹہ

3

لاہور،09 ستمبر ( اے پی پی):  سیکرٹری/چیف ایڈمنسٹریٹر اوقاف پنجاب ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ہدایت کی ہے کہ اوقاف کے ماڈل مزارات پر قائم نئی تاریخی گیلریوں کے بھرپور دوروں کا اہتمام کیا جائے تاکہ تاریخی مزارات پر آنے والے زائرین کو صوفیاء کرام کی تعلیمات، اسلامی تہذیب و ثقافت اور عظیم مذہبی ورثے سے زیادہ سے زیادہ روشناس کرایا جا سکے۔ انہوں نے ان خیالات کا اظہار ایوانِ اوقاف لاہور میں زونل ایڈمنسٹریٹرز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس میں ایڈیشنل سیکرٹری اوقاف نبیلہ جاوید، ڈائریکٹر جنرل مذہبی امور حافظ انیس الرحمن، ڈائریکٹر ایڈمنسٹریشن اوقاف محمد شاکر سندھو، ڈائریکٹر پراجیکٹس اوقاف رفیق نور وٹو، ڈائریکٹر اسٹیٹ اوقاف پنجاب محمد قیصر نعیم اعظم، ڈائریکٹر ایگریکلچر ڈاکٹر وقاص الدین خان، ڈپٹی ڈائریکٹرز اوقاف عظیم حیات، حافظ یوسف، طاہر احمد اور ایاز حبیب، ایم ایس داتا دربار ہسپتال ڈاکٹر جاوید محمود، اسسٹنٹ ڈائریکٹرز اوقاف جہانگیر احمد، قاضی عبدالرزاق اور اسرار شاہ، زونل ایڈمنسٹریٹرز اوقاف محمد علی خان، رانا احسان اور گلزار احمد نے شرکت کی، جبکہ زونل ایڈمنسٹریٹرز عبدالشکور، غلام عباس عباسی، ایاز محمود لاشاری، ناصر محمود، رانا طارق علی، بابر سلطان گوندل اور محمد کاشف علوی نے ویڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔ ڈاکٹر احسان بھٹہ نے کہا کہ اس سلسلے میں محکمہ اوقاف کے زونل ایڈمنسٹریٹرز اور افسران اپنے متعلقہ علاقوں کے سکولوں، کالجز، تعلیمی اداروں اور دفاتر کو خصوصی دعوت دیں تاکہ طلبہ، اساتذہ، سرکاری ملازمین اور دیگر شہری ان تاریخی گیلریوں کا دورہ کرکے صوفی بزرگانِ دین کی دینی، روحانی، علمی اور معاشرتی خدمات، ان کی تعلیمات اور تاریخی کردار سے آگاہ ہو سکیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخی مزارات ہماری صدیوں پر محیط روحانی، مذہبی اور ثقافتی تاریخ کے امین ہیں اور ان گیلریوں میں نایاب تاریخی تصاویر اور مستند تاریخی مواد کے ذریعے اس عظیم ورثے کو نئی نسل تک منتقل کرنے کا عمل مزید مؤثر بنایا جائے۔

سیکرٹری اوقاف نے اوقاف اراضی پر جاری کمرشل، ترقیاتی اور تعمیراتی منصوبوں کی بروقت تکمیل، وقف اراضی کی مقررہ مدت میں نیلامی، وقف املاک کے انتقال اور قبضہ سے متعلق امور کو ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے، صدر دفتر کی جانب سے مقرر کردہ ماہانہ اہداف کے حصول، محکمانہ کارکردگی میں مزید بہتری اور لٹیگیشن پورٹل کو باقاعدگی سے اَپ ڈیٹ کرنے کی ہدایات جاری کیں۔ انہوں نے کہا کہ محکمانہ تعمیر و ترقی کے عمل کو تیز کرنے کے لیے مسلسل فالو اَپ میٹنگز، جامع منصوبہ بندی اور مقررہ اہداف پر مؤثر عملدرآمد ناگزیر ہے، جبکہ محکمانہ آمدن اور محصولات میں اضافے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کو مزید نتیجہ خیز بنایا جا رہا ہے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے ڈینگی کے تدارک کے حوالے سے واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ڈینگی لاروا کے خاتمے کو یقینی بنایا جائے، حفاظتی اقدامات اور عوامی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے جبکہ ڈینگی امور پر تعینات اہلکار فعال اور مستعد رہیں۔ انہوں نے مقدس اوراق کے احترام و تحفظ کے لیے قرآن بورڈ کی جانب سے ڈیزائن کردہ خصوصی باکسز اوقاف کے مزارات اور مساجد کے نمایاں مقامات پر نصب کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے داتا دربار ہسپتال میں مستحق مریضوں کو مفت طبی معائنوں، تشخیصی ٹیسٹوں اور ادویات کی سہولت فراہم کرنے جبکہ دیگر مریضوں سے مناسب فیس وصول کرنے کی ہدایات دیں۔

سیکرٹری اوقاف نے ایوانِ اوقاف لاہور میں قائم جدید کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ذریعے صوبہ بھر کے اہم مزارات کی مؤثر اور مسلسل مانیٹرنگ یقینی بنانے پر بھی زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے مزارات پر انتظامی امور، سیکیورٹی اور زائرین کو فراہم کی جانے والی سہولیات کی نگرانی کو مزید مؤثر بنایا جائے۔

ڈاکٹر احسان بھٹہ نے مقررہ اہداف حاصل نہ کرنے والے راولپنڈی، ملتان، لاہور ایسٹ، لاہور ویسٹ، پاکپتن اور ڈیرہ غازی خان زونز کے فیلڈ افسران کو ہدایت کی کہ صدر دفتر کی جانب سے ماہانہ بنیادوں پر مقرر کیے گئے اہداف ہر صورت مقررہ مدت میں حاصل کیے جائیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ اہداف کے حصول میں غفلت یا ناکامی کی صورت میں متعلقہ افسران کے خلاف محکمانہ قواعد و ضوابط کے مطابق تادیبی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے مقرر کردہ اہداف کے حصول کے لیے محکمانہ سطح پر خود احتسابی کے نظام کو مؤثر بنایا گیا ہے اور اعلیٰ ترین نتائج کے حصول کے لیے افسران و اہلکاروں کی کارکردگی کا ماہانہ، سہ ماہی اور سالانہ بنیادوں پر باقاعدگی سے جائزہ لیا جائے گا تاکہ ان کی استعدادِ کار میں اضافہ کرتے ہوئے انہیں مزید فعال، مؤثر اور نتیجہ خیز بنایا جا سکے۔