ملتان : سول ڈیفنس ریزیلینس کور کی ایمرجنسی موبائل وہیکل لانچ، شہریوں کو حفاظتی تربیت و طبی امداد کی سہولیات فراہم کی جائینگی

8

ملتان، 14 ستمبر (اے پی پی): شہرِ اولیاء میں سول ڈیفنس ریزیلینس کور کی ایمرجنسی موبائل وہیکل کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا۔ ڈپٹی کمشنر ملتان ڈاکٹر فیصل سلیم نے سول ڈیفنس ایمرجنسی موبائل وہیکل کی لانچنگ کی۔

اس موقع پر اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس فاطمہ بی بی اور سول ڈیفنس آفیسر محمد فہیم بھی موجود تھے۔

ڈپٹی کمشنر ڈاکٹر فیصل سلیم نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایمرجنسی ریسپانس وہیکل حفاظتی اقدامات، ہنگامی تیاری اور عوامی آگاہی کے فروغ کی جانب ایک اہم کاوش ہے۔ اس موبائل یونٹ کے ذریعے شہریوں کو ہنگامی صورتحال سے نمٹنے، حفاظتی تدابیر اختیار کرنے اور عملی تربیت فراہم کی جائے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ ایمرجنسی موبائل وہیکل کے ذریعے عوام کو ابتدائی طبی امداد، لائف سیونگ ٹیکنیکس اور دیگر حفاظتی مہارتیں سکھائی جائیں گی، جبکہ پنجاب سول ڈیفنس ریزیلینس کور کا یہ موبائل یونٹ سیلابی صورتحال میں بھی انتہائی معاون ثابت ہوگا۔

اسسٹنٹ ڈائریکٹر سول ڈیفنس فاطمہ بی بی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ شہریوں کو ہنگامی حالات میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانے کے لیے عملی مشقیں جاری ہیں۔ یہ ایمرجنسی موبائل یونٹ عوام کی دہلیز تک حفاظتی شعور اور ہنگامی تیاری کا پیغام پہنچانے میں کلیدی کردار ادا کرے گا۔