وفاقی دارالحکومت میں علی الصبح بارش؛ سی ڈی اے، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ الرٹ، فیلڈ آپریشنز جاری

7

اسلام آباد، 28 ستمبر(اے پی پی): وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں علی الصبح جاری ہونے والی بارش کے پیش نظر سی ڈی اے سینٹیشن، انوائرنمنٹ ونگ، اسلام آباد واٹر، ریسکیو اور ضلعی انتظامیہ کی ٹیمیں متحرک ہو گئی ہیں اور تمام متعلقہ شعبہ جات کے فیلڈ آپریشنز بلا تعطل جاری ہیں۔

بارش کے دوران شہر بھر میں نکاسی آب اور ٹریفک کی روانی کو ہر ممکن حد تک یقینی بنانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں جبکہ تمام حساس و اہم مقامات کی خصوصی نگرانی بھی مسلسل جاری ہے۔

بارش کے دوران ایڈیشنل کمشنر (جنرل) اور اسسٹنٹ کمشنرز اپنے عملے کے ہمراہ جبکہ سی ڈی اے سینٹیشن ڈیپارٹمنٹ، اسلام آباد واٹر اور ریسکیو کا عملہ خود فیلڈ میں موجود ہے اور نکاسی آب کے آپریشنز کی براہِ راست نگرانی کر رہا ہے۔ تمام متعلقہ اداروں کو باہمی رابطہ مزید مؤثر بنانے اور شہریوں کو فوری ریلیف کی فراہمی کے لیے بروقت اقدامات کی ہدایت کی گئی ہے۔

ترجمان کے مطابق شہریوں کی سہولت اور سفر کو محفوظ بنانے کے لیے سی ڈی اے کی ٹیمیں شاہراہوں پر فعال ہیں۔ بارش کے پانی کی بروقت نکاسی کے لیے مختلف نچلے اور متاثرہ علاقوں میں ڈی واٹرنگ آپریشنز جاری ہیں، جبکہ سڑکوں اور نالوں کی صفائی و نگرانی کے فرائض بھی تندہی سے انجام دیے جا رہے ہیں۔

سی ڈی اے انتظامیہ کا کہنا ہے کہ شہریوں کی حفاظت، ٹریفک کا بلا تعطل بہاؤ اور پانی کی بروقت نکاسی ان کی اولین ترجیح ہے۔ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں شہری امداد کے لیے ہیلپ لائنز 1122، 16 اور 1334 پر رابطہ کر سکتے ہیں۔