اسلام آباد، 30 ستمبر (اے پی پی): وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال کی زیر صدارت انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے اہم اجلاس ہوا، جس میں ایڈیشنل سیکرٹری، ڈی جی ہیلتھ، ہسپتالوں کے سربراہان، ڈی ایچ او اسلام آباد، ڈپٹی کمشنر اسلام آباد اور سی ڈی اے کے نمائندوں نے شرکت کی۔
ڈی ایچ او اسلام آباد نے اجلاس کو انسدادِ ڈینگی کے حوالے سے پیش رفت اور جاری اقدامات پر بریفنگ دی۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ ستمبر، اکتوبر اور نومبر میں ڈینگی کا سیزن عروج پر ہوتا ہے جبکہ بروقت اور پیشگی اقدامات کی بدولت کیسز میں کمی آئی ہے۔
وفاقی وزیر صحت مصطفیٰ کمال نے کہا کہ انسدادِ ڈینگی کے مؤثر اقدامات اور مثبت نتائج کو باقاعدہ دستاویزی شکل دی جائے۔ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے عوامی آگاہی اور احتیاطی تدابیر مسلسل اجاگر کی جائیں۔انہوں نے کہا کہ صورتحال میں بہتری آنے پر انسدادِ ڈینگی کے اقدامات میں کمی نہیں ہونی چاہیے۔ انسدادِ ڈینگی کے لیے مربوط اور مؤثر اقدامات، مؤثر نگرانی اور بروقت کارروائی کا سلسلہ جاری رکھا جائے۔
وفاقی وزیر صحت نے کہا کہ وزارتِ اطلاعات اور متعلقہ اداروں کے تعاون سے ڈینگی آگاہی مہم کو مزید مؤثر بنایا جائے اور عوامی آگاہی کا سلسلہ مسلسل جاری رکھا جائے تاکہ ڈینگی سے بچاؤ کی احتیاطی تدابیر ذہن نشین رہیں۔
انہوں نے کہا کہ آئندہ سال بھی انسدادِ ڈینگی کے اقدامات بروقت یقینی بنانے کے لیے ابھی سے مؤثر حکمتِ عملی اپنائی جائے۔ موجودہ اقدامات میں کسی قسم کی غفلت یا سستی برداشت نہیں کی جائے گی۔
مصطفیٰ کمال نے ڈینگی کی روک تھام کے لیے تمام متعلقہ اداروں کے باہمی تعاون پر زور دیتے ہوئے کہا کہ نگرانی، بروقت اقدامات اور عوامی آگاہی کا عمل مسلسل جاری رکھا جائے۔ وفاقی وزیر صحت نے فیلڈ میں کام کرنے والی ڈینگی ٹیموں کی کارکردگی کو بھی سراہا۔











