اسلام آباد،1اکتوبر (اے پی پی):پاکستان فٹبال فیڈریشن (پی ایف ایف) کے زیرِ اہتمام قومی انڈر 17 فٹبال چیمپئن شپ 2026 کا باقاعدہ افتتاح کر دیا گیا ہے، جس کی افتتاحی تقریب کے بعد پی ایف ایف اور اسلام آباد فٹبال ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کیا۔
پی ایف ایف کے چیف آپریٹنگ آفیسر شاہد نیاز کھوکھر، نائب صدر حافظ زکا اللہ اور لوکل آرگنائزنگ کمیٹی کے سربراہ شیخ احمد ریحان نے کہا کہ یہ چیمپئن شپ ملک میں یوتھ فٹبال کی بحالی، مسلسل مقابلوں اور صرف اوپن ٹرائلز کی بجائے ایک مضبوط و شفاف میرٹ سسٹم قائم کرنے کی جانب اہم پیش رفت ہے۔
انہوں نے واضح کیا کہ اس ٹورنامنٹ کا مقصد گراس روٹس سطح سے قومی ٹیموں تک ایک واضح ترقیاتی راستہ بنانا ہے جہاں کھلاڑیوں اور کوچز کا انتخاب ایک دن کے ٹرائلز کی جگہ طویل مدتی کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ اس چیمپئن شپ میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو اے ایف سی انڈر 17 ایشین کپ کے لیے تیار کی جانے والی قومی ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔











