لاہور ریلوے اسٹیشن کا وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی کا اچانک دورہ، مسافر سہولیات کا جائزہ

2

لاہور، 4 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیرِ ریلوے محمد حنیف عباسی نے اتوار کو لاہور ریلوے اسٹیشن کا اچانک دورہ کیا اور پلیٹ فارم نمبر 2 اور 4 کی توسیع کے جاری کام کا تفصیلی معائنہ کیا۔ وفاقی وزیر نے پلیٹ فارم نمبر 4 پر غیر معیاری بینچز کی موجودگی پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی کہ تمام غیر معیاری بینچز فوری طور پر ہٹا کر ان کی جگہ معیاری نئے بینچز نصب کیے جائیں۔ انہوں نے مسافروں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیتے ہوئے ہدایت کی کہ مسافر سہولیات کی براہِ راست نگرانی کے لیے ڈی ایس آفس کو لاہور ریلوے اسٹیشن منتقل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایس آفس کی اسٹیشن پر منتقلی سے مسافر سہولیات، جاری ترقیاتی منصوبوں اور ریلوے کی کارکردگی کی مؤثر نگرانی ممکن ہوگی۔ محمد حنیف عباسی نے فیملی اور ایگزیکٹو لاؤنجز کا بھی دورہ کیا اور وہاں ایئر کنڈیشننگ سمیت دیگر سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر مسافروں نے اے سی ہالز میں بہترین سہولیات کی فراہمی پر وفاقی وزیر کا شکریہ ادا کیا۔ وفاقی وزیرِ ریلوے نے کہا کہ مسافروں کو معیاری اور آرام دہ سفری سہولیات فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ ریلوے اسٹیشنز پر مسافر سہولیات کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔