نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی مکّہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے اجلاس میں شرکت سے قبل مدینہ منورہ آمد،روضۂ رسولﷺ پر حاضری دی

64

مدینہ منورہ ،05اکتوبر(اے پی پی): نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار پیر کو ریاض میں مکّہ جوائنٹ ڈیفنس ایگریمنٹ کے تحت ہونے والے اجلاس میں شرکت سے قبل مدینہ منورہ پہنچ گئے۔

ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق سعودی عرب میں پاکستان کے سفیر،جدہ میں پاکستان کے قونصل جنرل، سعودی وزارت خارجہ کی مدینہ برانچ کے ڈائریکٹر جنرل اور سعودی رائل پروٹوکول نے ان کا استقبال کیا۔

نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ نے روضۂ رسولﷺ پر حاضری دی اور پاکستان کی امن و خوشحالی،اس کے عوام اور مسلم امّہ کی فلاح و بہبود کے ساتھ ساتھ علاقائی امن و استحکام کے لیے دعائیں کیں۔اسحاق ڈار جبل احد بھی گئے جہاں انہوں نے شہداء احد کو خراج عقیدت پیش کیا اور دعائیں کیں۔

نائب وزیراعظم اس کے بعد ریاض روانہ ہو گئے،جہاں وہ سٹریٹجک پولیٹیکل اینڈ ڈیفنس کمیٹی کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اس اجلاس میں وزیر دفاع خواجہ محمد آصف اور چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر بھی شرکت کریں گے جبکہ سعودی عرب اور ترکیہ کے اعلیٰ حکام بھی اجلاس میں شریک ہوں گے۔