ماحول دوست اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں پر توجہ ضروری ہے،ڈاکٹر مصدق ملک

7

اسلام آباد، 05 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے موسمیاتی تبدیلی و ماحولیاتی رابطہ ڈاکٹر مصدق مسعود ملک نے موسمیاتی تبدیلیوں کے تناظر میں ماحول دوست اور پائیدار ہاؤسنگ منصوبوں کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا مؤثر نفاذ ملک میں رہائش کے مسائل سے نمٹنے اور پائیدارشہری ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔

نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کے اجراء کی تقریب نسٹ (NUST ) اسلام آباد میں عالمی یومِ آبادکاری کے موقع پر UN-Habitat کے تعاون سے منعقد ہوئی،جس میں وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ اینڈ ورکس میاں ریاض حسین پیرزادہ مہمانِ خصوصی اور ڈاکٹر مصدق مسعود ملک اعزازی مہمان تھے۔

ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی بے گھر افراد کے لیے چھت کی فراہمی کی تمام تر منصوبہ بندی فراہم کرتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت،نجی شعبے اور تمام متعلقہ اداروں کو نیشنل ہاؤسنگ پالیسی پر مؤثر عمل درآمد کے لیے دستیاب وسائل بروئے کار لانے چاہئیں۔

انہوں نے کہا کہ نیشنل ہاؤسنگ پالیسی 2025 کا مؤثر نفاذ ملک میں رہائش کے مسائل کے حل اور پائیدار شہری ترقی کے فروغ میں اہم کردار ادا کرے گا۔