سابق ریاستِ خیرپور کے آخری حکمران میر علی مراد خان ٹالپر انتقال کر گئے، کوٹ ڈیجی میں تدفین

0

سکھر ، 6 اکتوبر(اے پی پی): سابق ریاستِ خیرپور کے آخری حکمران ہز ہائنس میر علی مراد خان ٹالپر 93 برس کی عمر میں انتقال کر گئے۔ ان کی نمازِ جنازہ کوٹ ڈیجی میں ادا کی گئی، جس کے بعد انہیں ٹکر والی بنگلی کی امام بارگاہ میں مٹی کے سپرد کر دیا گیا۔

نمازِ جنازہ معروف عالمِ دین مولانا شہنشاہ حسین نقوی نے پڑھائی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے جبکہ شہریوں اور معززین کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

جنازے میں متوفی کے صاحبزادگان میر عباس رضا ٹالپر اور پرنس میر مہدی رضا ٹالپر، ڈپٹی کمشنر خیرپور آفتاب چاچڑ، ایس ایس پی امیر سعود مگسی، سیکریٹری بورڈز اینڈ یونیورسٹیز عباس بلوچ، وائس چانسلر شاہ عبداللطیف یونیورسٹی ڈاکٹر محمد یوسف خشک اور سابق سیکریٹری ایگریکلچر محمد جعفر عباسی سمیت دیگر سیاسی و سماجی شخصیات موجود تھیں۔

میر علی مراد خان ٹالپر کی وفات پر خیرپور میں تین روزہ سوگ کا اعلان کیا گیا ہے، جس کے باعث کوٹ ڈیجی اور کوٹ بنگلو کی بازاریں بند رہیں۔