صدر مملکت سے بحرین کے سفیر کی ملاقات، پاکستان بحرین تعلقات مزید مضبوط بنانے پر زور

1

 اسلام آباد،8اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان اور بحرین کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور سکیورٹی تعاون مزید مضبوط بنانے پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان بحرین کے ساتھ اپنے تعلقات کو خصوصی اہمیت دیتا ہے ،پاکستان اعتماد سازی، اختلافات کو کم کرنے اور خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لئے تمام فریقین کے ساتھ تعمیری روابط کے عزم پر قائم ہے۔

صدر مملکت نے یہ بات بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی سے ملاقات کے دوران کہی جنہوں نے جمعرات کو ایوانِ صدر میں ان سے ملاقات کی۔دونوں رہنماؤں کے درمیان خصوصی ملاقات ہوئی جس کے بعد وفود کی سطح پر مذاکرات ہوئے۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے تیسرے اجلاس میں شرکت کے لئے پاکستان کے دورے پر ہیں۔ملاقات کے دوران صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان مضبوط دوطرفہ سیاسی تعلقات کو مزید گہرے تجارتی اور سرمایہ کاری روابط میں تبدیل کرنے کا خواہاں ہے۔

انہوں نے غذائی تحفظ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور ڈیجیٹل خدمات، تعمیرات، کان کنی، بندرگاہوں کی خدمات، تحقیق و ترقی، سیاحت اور صحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع کو اجاگر کیا۔ انہوں نے دونوں ممالک کے درمیان کاروباری سطح پر روابط اور شراکت داری کو مزید فروغ دینے کی بھی حوصلہ افزائی کی۔

صدر مملکت نے بحرین کی جانب سے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت اور مکہ مشترکہ دفاعی معاہدے کا خیرمقدم کرنے اور علاقائی امن، سلامتی اور استحکام کے لئے پاکستان کی کوششوں کو تسلیم کرنے پر بھی اظہار تشکر کیا۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ اور قابلِ اعتماد دفاعی شراکت داری موجود ہے جس کا اظہار مشترکہ فوجی مشقوں، اعلیٰ سطح کے تبادلوں اور ادارہ جاتی تعاون کی صورت میں ہوتا ہے۔

 انہوں نے افرادی قوت، لاجسٹکس، تربیت اور دفاعی سازوسامان کے شعبوں میں تعاون مزید بڑھانے کے لئے پاکستان کی آمادگی کا اظہار کیا۔صدر مملکت نے بحرین میں مقیم ایک لاکھ 34 ہزار سے زائد پاکستانیوں کو بحرین کی جانب سے فراہم کئے جانے والے تعاون اور مواقع کو بھی سراہا اور پاکستانی تارکینِ وطن سے متعلق امور پر مسلسل تعاون کا خیرمقدم کیا۔علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان اعتماد سازی، اختلافات کو کم کرنے اور خطے میں دیرپا امن، سلامتی اور استحکام کے فروغ کے لئے تمام فریقین کے ساتھ تعمیری روابط کے عزم پر قائم ہے۔

ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے بحرین کے فرمانروا شاہ حمد بن عیسیٰ الخلیفہ اور ولی عہد و وزیر اعظم شہزادہ سلمان بن حمد الخلیفہ کی جانب سے صدر مملکت کے لئے نیک خواہشات اور تہنیتی پیغام پہنچایا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بحرین مشترکہ وزارتی کمیشن کے اجلاس انتہائی نتیجہ خیز رہے ہیں جن میں باہمی تعاون کے کئی اہم شعبوں کا احاطہ کیا گیا۔

 انہوں نے مزید کہا کہ صدر آصف علی زرداری کے بحرین کے دورے نے دونوں ممالک کے باہمی تعلقات پر نمایاں اور مثبت اثرات مرتب کئے ۔علاقائی صورتحال پر گفتگو کرتے ہوئے بحرینی وزیر خارجہ نے پاکستان کی جانب سے فریقین کے درمیان ثالثی اور انہیں مذاکرات کی میز پر لانے کے لئے کی جانے والی جرأت مندانہ کوششوں کو سراہا اور کہا کہ پاکستان کے اقدامات سے بہت سی انسانی جانیں بچانے میں مدد ملی۔

انہوں نے قرآن کریم کی ان تعلیمات کا حوالہ دیتے ہوئے کہ ایک جان کو بچانا گویا پوری انسانیت کو بچانا ہے۔ انہوں نے  امن کے لئے پاکستان کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے غیر مستقل رکن کی حیثیت سے پاکستان کی کامیاب مدت پر بھی مبارکباد دی۔

وفود کی سطح پر ہونے والے اجلاس میں بحرینی وفد میں پاکستان میں بحرین کے سفیر محمد ابراہیم محمد عبدالقادر، وزیر خارجہ کے سیاسی امور کے مشیر حمد علی المنائی، میجر جنرل عبدالعزیز مایوف الرمیحی، ڈائریکٹر جنرل کریمنل انویسٹی گیشن اینڈ فرانزک سائنس، وزارت داخلہ، شیخ حمد بن سلمان الخلیفہ، اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے داخلی و خارجی تجارت، وزارت صنعت و تجارت، انجینئر محمد مرزا العریبی، اسسٹنٹ انڈر سیکرٹری برائے زرعی امور، وزارت بلدیاتی امور و زراعت، اور بحرین چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے فرسٹ وائس چیئرمین یوسف صلاح الدین ابراہیم صلاح الدین شامل تھے۔پاکستان کی جانب سے نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، سینیٹر شیری رحمان، سینیٹر سلیم مانڈوی والا، رکن قومی اسمبلی سید نوید قمر ، وزارت اقتصادی امور کے سیکرٹری اور دیگر اعلیٰ حکام اجلاس میں شریک ہوئے۔