لاہور 8 اکتوبر(اے پی پی) دیہی علاقوں میں بھی بہترین صفائی سہولیات فراہمی یقینی بنانے کے لیے ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور کی آپریشن ٹیمیں تینوں شفٹوں میں متحرک ہیں۔ مضافاتی علاقوں کو ماڈل ایریاز بنانے کے لیے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی کے فیلڈ میں وزٹ جاری ہیں۔ موثر صفائی اقدامات کے لیے سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان نے واہگہ ٹاؤن کا دورہ کیا۔
قائد اعظم انٹر چینج سے ملحقہ شاہراہوں اور رہائشی علاقوں میں صفائی انتظامات کی چیکنگ کی۔اس موقع پر ڈپٹی سی ای او آپریشنز مبین احسن اور ڈی جی ایم انیس جنجوعہ بھی فیلڈ میں موجود رہے۔سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی نے ورکرز کی حاضری اور یونیفارم کو بھی چیک کیا۔
انہوں نےمناواں، جلو موڑ گھرکی روڈ اور واہگہ گاؤں میں ہیوی مشینری کے ذریعے ویسٹ کلیئرنس کے عمل کا جائزہ لیا۔بستی محمد حسین، دبئی پارک مومن پورہ، گل بہار ٹاؤن اور ہانڈو گجراں میں صفائی انتظامات کو چیک کیا۔شہریار عارف خان نے جی ٹی روڈ، بند روڈ اور بسی موڑ میں جاری صفائی آپریشنز کو بھی مانیٹر کیا۔
اس دوران واہگہ ٹاؤن کے رہائشیوں سے بات چیت کی اور صفائی انتظامات کے بارے میں فیڈ بیک بھی لیا۔مزید برآں ستھرا پنجاب ایجنسی لاہور اینٹی لٹرنگ اسکواڈ کا بھی واہگہ ٹاؤن کی مارکیٹس میں گشت جاری رہا۔دکانداروں کو صفائی قوانین کے بارےمیں آگاہی اور دکانوں کے باہر ڈسٹ بنز رکھنے کی ہدایت کی گئی۔
سی ای او ایل ڈبلیو ایم سی شہریار عارف خان کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن ستھرا پنجاب کے تحت صفائی کی بہترین سہولیات یقینی بنائی جا رہی ہیں۔مومن پورہ سور پوائنٹ پر اینیمل ویسٹ کو روزانہ کی بنیاد پر کلئیر کیا جا رہا ہے۔100 سے زائد لوڈر رکشے دیہی یونین کونسلز میں صفائی انتظامات پر مامور ہیں جبکہ تمام یونین کونسلز میں لوڈر رکشے بیٹ وائز سو فیصد ڈور ٹو ڈور ویسٹ کولیکشن یقینی بنا رہے ہیں۔










