راولپنڈی، 8 اکتوبر )اے پی پی): مملکت بحرین کے وزیر خارجہ ڈاکٹر عبداللطیف بن راشد الزیانی نے جنرل ہیڈکوارٹرز (جی ایچ کیو) راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف اور چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔
ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور دوطرفہ دفاع و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے پاکستان اور بحرین کے درمیان دیرینہ برادرانہ تعلقات کو اجاگر کیا جو مشترکہ اقدار اور باہمی احترام پر مبنی ہیں۔ انہوں نے دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا، بالخصوص دفاع اور سلامتی کے شعبوں میں۔
معزز مہمان نے پاک افواج کی پیشہ ورانہ مہارت اور آپریشنل تیاریوں کو سراہا، دوطرفہ تعاون کو مزید بڑھانے کے عزم کا اظہار کیا اور علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی خدمات کا اعتراف کیا۔









