اسلام آباد۔8اکتوبر (اے پی پی):وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ایتھوپیا، روانڈا اور تاجکستان کے سفیروں نے الگ الگ ملاقاتیں کی ہیں جن میں دوطرفہ تعلقات اور بالخصوص دفاع و ہوا بازی کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر بات چیت ہوئی۔ ایتھوپیا کے سفیر اومر حسین اوبا، روانڈا کی ہائی کمشنر ہریریمانا فاتو اور تاجکستان کے سفیر یوسف شریف زودہ نے وزیر دفاع خواجہ محمد آصف سے ملاقاتیں کیں۔
ملاقاتوں کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، دوطرفہ تعلقات اور دفاعی و ہوا بازی کے شعبوں میں شراکت داری بڑھانے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔
اس موقع پر وزیر دفاع خواجہ آصف نے تینوں ممالک کے ساتھ تعلقات کو مزید مستحکم کرنے اور باہمی مفاد پر مبنی تعاون کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔دوسری جانب سفارتی نمائندگان نے پاکستان کے ساتھ موجودہ تعاون پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے دوطرفہ تعلقات کو مزید وسعت دینے اور شراکت داری کو مستحکم بنانے کی خواہش کا اظہار کیا۔









