لاہور: 13 اکتوبر (اے پی پی )سندھ فرسٹ کامن سے تعلق رکھنے والے زیرِ تربیت افسران کے وفد نے ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کا دورہ کیا۔ مینجنگ ڈائریکٹر ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے وفد کو خوش آمدید کہا۔ اس موقع پر ایڈیشنل مینجنگ ڈائریکٹر سونیا کلیم، زونا وحید اور ڈائریکٹر مارکیٹنگ حسان الحق نے وفد کو ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی ذمہ داریوں، شہر میں جاری ہارٹیکلچر سرگرمیوں، شجرکاری، پارکس کی دیکھ بھال اور دیگر انتظامی امور کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔
وفد کی قیادت شوکت علی عمرانی اور احتشام الحق مغل نے کی۔ دورے کے دوران زیرِ تربیت افسران نے جیلانی پارک کا دورہ کیا، بونسائی گارڈن کا مشاہدہ کیا اور شجرکاری سرگرمی میں بھی حصہ لیا۔اس موقع پر ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور شہر میں ہارٹیکلچر سرگرمیوں، شجرکاری، پارکس اور گرین بیلٹس کی دیکھ بھال اور شہری ماحول کو خوبصورت بنانے کی ذمہ دار ہے۔ ادارہ شہر میں سرسبز ماحول کے فروغ، تفریحی سہولیات کی بہتری اور ماحولیاتی آلودگی پر قابو پانے کے لیے مختلف اقدامات کر رہا ہے۔
انہوں نے بتایا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور شہر کے 808 پارکس اور 1,273 ایکڑ پر مشتمل گرین بیلٹس کی دیکھ بھال کر رہی ہے۔ اس کے علاوہ ادارے کے زیرِ انتظام 21 نرسریاں، 53 میاواکی جنگلات اور ایک میوزیم بھی شامل ہیں، جو شہر میں شجرکاری، ماحول دوست سرگرمیوں اور ہریالی کے فروغ میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔احمد عثمان جاوید نے بتایا کہ شہر میں ہارٹیکلچر سرگرمیوں کو مؤثر انداز میں منظم کرنے اور پارکس و گرین بیلٹس کی بہتر دیکھ بھال کے لیے آٹھ زونز قائم کیے گئے ہیں، جن کے ذریعے مختلف علاقوں میں ہارٹیکلچر ورک اور شجرکاری کے امور انجام دیے جا رہے ہیں۔
ایم ڈی ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور نے مزید بتایا کہ ادارہ شہر میں آؤٹ ڈور ایڈورٹائزمنٹ کو ریگولیٹ کرنے کے ساتھ ساتھ تفریحی سرگرمیوں کے انتظامات بھی کرتا ہے۔ شہریوں کو کھیلوں کی سہولیات فراہم کرنے کے لیے گراؤنڈز سمیت دیگر تفریحی و کھیلوں کی سہولیات کی فراہمی بھی ادارے کی ذمہ داریوں میں شامل ہے۔انہوں نے کہا کہ لاہور کے گرین کور میں اضافہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور کی ترجیحات میں شامل ہے۔ ادارہ شجرکاری کے فروغ، پارکس اور گرین بیلٹس کی بہتری اور شہر کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے کوشاں ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ ہارٹی کلچر ایجنسی لاہور سموگ پر قابو پانے اور صاف و صحت مند ماحول کی فراہمی کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گی۔











