صدر مملکت آصف علی زرداری کو فرانس اور سعودی عرب کے نامزد سفیروں کی اسنادِ سفارت پیش

4

اسلام آباد،14اکتوبر  (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری کو ایوان صدر میں فرانس کے نامزد سفیر ژاں نوئل پواغیے اور سعودی عرب کے نامزد سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی نے اپنی اسناد سفارت پیش کیں۔

  صدر مملکت نے دونوں سفیروں کو ان کی تعیناتی پر مبارکباد دی اور ان کے سفارتی فرائض میں کامیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے اپنے اپنے ممالک کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے اور باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تعاون کو وسعت دینے میں کردار ادا کریں گے۔فرانس کے نامزد سفیر ژاں نوئل پواغیے سے ملاقات کے دوران صدر مملکت نے باقاعدہ مکالمے اور وسیع تر تعاون کے ذریعے فرانس کے ساتھ پاکستان کے دیرینہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ انہوں نے کثیرالجہتی، باقاعدہ اعلیٰ سطحی تبادلوں اور ایک خودمختار دوطرفہ تعلق کی اہمیت پر زور دیا۔

صدر مملکت نے تجارت، سرمایہ کاری، پارلیمانی تبادلوں، تعلیمی و ثقافتی روابط اور دفاعی تعاون کو بڑھانے کے مواقع کو اجاگر کیا۔ سعودی عرب کے نامزد سفیر ڈاکٹر راجح طامی البقمی سے ملاقات میں صدر مملکت نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان قریبی سٹریٹجک شراکت داری پر زور دیا اور سعودی مملکت کی سلامتی اور دفاع کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کیا۔

 انہوں نے مکہ اتحاد برائے دفاع اور دوطرفہ تعاون کی بنیاد بنانے والے ادارہ جاتی طریقہ کار کی اہمیت کو اجاگر کیا۔ صدر مملکت نے معاشی تعلقات کو مزید گہرا کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا، سعودی عرب کی مالی معاونت اور تیل کی فراہمی میں تعاون کو سراہا اور سعودی عرب میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو اجاگر کیا۔

انہوں نے اعتماد کا اظہار کیا کہ سفیر کی مدت ملازمت میں دونوں ممالک کے تعلقات نئی بلندیوں تک پہنچیں گے۔