ڈیرہ غازی خان، 19 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر برائے توانائی اویس احمد خان لغاری نے ڈی جی خان ایئرپورٹ کے توسیعی منصوبے کا دورہ کرتے ہوئے رن وے کے جاری کام کا معائنہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد شہباز شریف کے ترقیاتی وژن کے تحت ڈی جی خان ایئرپورٹ کو بین الاقوامی پروازوں کے لیے اپ گریڈ کرنے پر عملی کام کا آغاز ہو چکا ہے،جس پر سول ایوی ایشن اتھارٹی کی ٹیمیں مصروفِ عمل ہیں اور ساڑھے پانچ ارب روپے کی لاگت کا یہ منصوبہ جنوری 2028ء تک مکمل ہو کر جنوبی پنجاب کی ترقی میں اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔ اس موقع پر ایم این اے عمار لغاری، ایم پی اے علی یوسف لغاری، سابق ایم پی اے سردار یوسف لغاری اور علیم شاہ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ وفاقی وزیر نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مزید کہاکہ ضلع میں ایئرپورٹ کی توسیع، کینسر ہسپتال،50 سالہ ضروریات کو مدنظر رکھ کر بنایا گیا سیوریج سسٹم اور سڑکوں کی کشادگی کے 4 بڑے ترقیاتی منصوبوں پر کام جاری ہے، جبکہ ملک بھر میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کو طے شدہ منصوبے کے مطابق چلا کر صارفین کو بھاری بلوں سے بچایا جا رہا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بجلی چوری کی روک تھام اور ایماندار صارفین کو تحفظ دینے کے لیے جدید ٹیکنالوجی ’ای پی ایم ایس‘ کا نفاذ کیا جا رہا ہے تاکہ صرف چوری والے مخصوص ٹرانسفارمرز بند کیے جائیں اور پورا فیڈر متاثر نہ ہو،جبکہ 30 فیصد یا زائد لائن لاسز والے فیڈرز پر لوڈشیڈنگ جاری رہے گی اور بل نہ دینے والوں کو کوئی ریلیف نہیں ملے گا۔











