اسلام آباد ،19اکتوبر(اے پی پی): اسلام آباد آرٹ گیلری (آئی اے جی) نے ہنرکدہ کے اشتراک سے پیر کے روز ایف نائن پارک میں واقع اسلام آباد آرٹ گیلری میں معروف آرٹسٹ عرفان ممتاز کے فن پاروں کی نمائش “ڈنمارک سیریز‘‘ کاانعقاد کیا۔
نمائش کی افتتاحی تقریب میں سمندر پار پاکستانیوں کے وزیر مملکت محمد عون چوہدری نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی۔ نمائش میں عرفان ممتاز کے ڈنمارک کے سفر کی عکاسی کی گئی ہے، جس میں انہوں نے گریفائٹ پنسل کے ذریعے ڈنمارک کی اہم عمارتوں اور تعمیراتی شاہکاروں کو انتہائی شاندار انداز میں پیش کیا ہے۔
یہ نمائش پاکستان اور ڈنمارک کے درمیان ثقافتی تبادلے اور باہمی روابط کے فروغ کا وسیع تر پیغام بھی دیتی ہے۔ ڈنمارک کے تعمیراتی ورثے کی باریک بینی سے عکاسی کرتے ہوئے آرٹسٹ نے پاکستانی شائقین کے ساتھ ایک مختلف ثقافت میں اپنے تجربات شیئر کیے ہیں۔ نمائش اس امر کو بھی اجاگر کرتی ہے کہ فن جغرافیائی فاصلے اور ثقافتی اختلافات کے باوجود لوگوں کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا مؤثر ذریعہ بن سکتا ہے۔
اس موقع پر وزیر مملکت محمد عون چوہدری نے کہا کہ سمندر پار پاکستانی، پاکستان اور دنیا کے دیگر ممالک کے درمیان ایک پل کا کردار ادا کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ’’ڈنمارک سیریز‘‘ جیسے ثقافتی اقدامات بین الاقوامی سطح پر باہمی افہام و تفہیم کو فروغ دینے، عوامی روابط مضبوط بنانے اور پاکستان کو ایک تخلیقی، کشادہ ذہن اور ثقافتی طور پر متحرک ملک کے طور پر متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کرتے ہیں۔
ہنرکدہ اور سلک روڈ کلچر سینٹر (ایس آر سی سی) کے چیئرمین سید جمال شاہ نے کہا کہ فن سرحدوں اور زبانوں کی حدود سے بالاتر ہو کر ایک دوسرے کو سمجھنے کا موقع فراہم کرتا ہے۔ عرفان ممتاز کی ’’ڈنمارک سیریز‘‘ اس امر کی عکاسی کرتی ہے کہ ایک آرٹسٹ کا ذاتی سفر کس طرح بامعنی ثقافتی مکالمے میں تبدیل ہو سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس نوعیت کی نمائشیں باہمی تفہیم کو مضبوط بنانے کے ساتھ ساتھ تخلیقی اظہار کے ذریعے پاکستان اور ڈنمارک کے عوام کو ایک دوسرے کے مزید قریب لانے میں مدد دیتی ہیں۔
نمائش 19 سے 26 اکتوبر 2026ء تک جاری رہے گی۔ نمائش میں داخلہ مفت ہے اور عام شہریوں سمیت تمام شائقین کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔











