اسلام آباد، 21 اکتوبر (اے پی پی): پاکستان ٹینس فیڈریشن (پی ٹی ایف) کے صدر اعصام الحق قریشی نے اے پی پی سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلی مرتبہ بلی جین کنگ کپ جیسے بڑے اور باوقار بین الاقوامی ویمنز ٹینس ٹورنامنٹ کا انعقاد ملک کی تاریخ میں ایک بہت بڑا سنگ میل ہے۔
انہوں نے کہا کہ فیڈریشن کی جانب سے خواتین کھلاڑیوں کو آگے بڑھانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے جا رہے ہیں، جن میں ایشین گیمز اور مختلف کیمپس سمیت ملک کے اندر اور باہر ٹورنامنٹس میں شرکت کے مواقع فراہم کرنا شامل ہے تاکہ نوجوان کھلاڑیوں کے لیے ایک مضبوط روڈ میپ بنایا جا سکے۔
اعصام الحق نے کہا کہ اس ٹورنامنٹ میں مختلف ممالک کی بڑی ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں، جو اس بات کا ثبوت ہے کہ دنیا پاکستان کو ایک پرامن اور کھیلوں سے محبت کرنے والا ملک سمجھتی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستانی خواتین کھلاڑی ٹورنامنٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے گروپ ٹو کے لیے کوالیفائی کریں گی۔











