اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق کی مالدیپ کے صدر محمد معیزو سے ملاقات، پارلیمانی اور اقتصادی تعلقات پر تبادلہ خیال

0

اسلام آباد، 22 اکتوبر(اے پی پی):اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو سے ملاقات کی اور ان کے دورہ پاکستان کا خیرمقدم کیا۔

ملاقات میں دوطرفہ پارلیمانی و اقتصادی تعلقات سمیت اہم علاقائی اور عالمی امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

اسپیکر ایاز صادق نے کہا کہ پاکستان مالدیپ کے ساتھ اپنے دیرینہ تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور پارلیمانی و اقتصادی تعلقات کو مزید مستحکم بنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاک-مالدیپ پارلیمانی فرینڈشپ گروپ دوطرفہ پارلیمانی تعلقات کے فروغ میں فعال کردار ادا کر رہا ہے، پارلیمانی سفارتکاری علاقائی ممالک کے درمیان تعلقات کے فروغ میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے۔

اسپیکر نے پاکستان اور مالدیپ کے مابین تجارتی حجم بڑھانے کے لیے ہونے والے معاہدوں کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ کے صدر کا دورہ پاکستان دوطرفہ تعلقات کے فروغ میں اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

مالدیپ کے صدر ڈاکٹر محمد معیزو نے پاکستان کے ساتھ تعلقات مزید فروغ دینے کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مالدیپ کے عوام پاکستانی عوام کے ساتھ دلی وابستگی رکھتے ہیں۔ انہوں نے علاقائی امن کے قیام کے لیے پاکستان کے کردار کو سراہا اور پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر حکومت پاکستان اور عوام سے اظہار تشکر کیا۔

ملاقات میں ممبران قومی اسمبلی شازیہ ثوبیہ، شائستہ خان اور سنجے پروانی بھی موجود تھے۔