اسلام آباد کے زون 4 اور 5 کی 65 یونین کونسلز میں پہلی بار سالڈ ویسٹ مینجمنٹ سروسز کا آغاز

3

اسلام آباد، 23 اکتوبر ( اے پی پی): وفاقی وزیر داخلہ سید محسن رضا نقوی کی ہدایت اور چیئرمین سی ڈی اے سہیل اشرف کی قیادت میں کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے تاریخ میں پہلی بار وفاقی دارالحکومت کے زون فور اور زون فائیو کے دیہی علاقوں اور بھارہ کہو سمیت تقریباً 65 یونین کونسلز تک سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کی سہولیات کی فراہمی شروع کر دی ہے۔

اس اہم منصوبے کا مقصد دیہی و مضافاتی علاقوں میں صفائی کے دیرینہ مسائل کو حل کرنا اور ماحولیاتی آلودگی میں کمی لانا ہے۔ ان خدمات کی بہترین اور باقاعدہ فراہمی کے لیے سی ڈی اے نے ایک معروف ترک کمپنی کو ذمہ داری سونپی ہے، جو جدید مشینری، 100 سے زائد مخصوص گاڑیوں اور 1,300 سے زائد تربیت یافتہ عملے کی مدد سے روزانہ تقریباً 342 ٹن کوڑا کرکٹ جمع کر کے مناسب طریقے سے ٹھکانے لگائے گی۔

بھارہ کہو اور دیگر دور دراز دیہی علاقوں کے شہریوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے ایک مثبت پیش رفت قرار دیا ہے۔ سی ڈی اے حکام کا کہنا ہے کہ اس جامع نظام کی بدولت صفائی کی سہولیات صرف شہر کے مرکزی سیکٹرز تک محدود نہیں رہیں گی بلکہ وفاقی دارالحکومت کے تمام علاقوں میں یکساں شہری سہولیات کی فراہمی، صحت عامہ کے تحفظ اور اسلام آباد کی مجموعی خوبصورتی میں نمایاں بہتری آئے گی۔