کاروباری اصلاحات کے ذریعے سرمایہ کاری کا فروغ حکومت کی اولین ترجیح ہے، ہارون اختر خان

9

اسلام آباد، 23 اکتوبر (اے پی پی): وزیراعظم کے مشیر برائے صنعت و پیداوار ہارون اختر خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی قیادت میں ملک میں کاروبار کو آسان بنانے، سرمایہ کاری کے فروغ اور صنعتی ترقی کے لیے جامع اصلاحات پر کام جاری ہے، جس کا مقصد مقامی و غیر ملکی سرمایہ کاروں کو سازگار کاروباری ماحول فراہم کرنا ہے۔

وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور ان کی کابینہ کے اراکین کے ہمراہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت کاروبار سے متعلق قوانین، ضوابط اور ریگولیٹری نظام کا جائزہ لے رہی ہے تاکہ غیر ضروری پیچیدگیوں کو دور کرکے کاروباری سرگرمیوں کو سہل بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ آسان کاروبار ایکٹ کے تحت کاروباری ماحول کو عالمی معیار کے مطابق بہتر بنانے، کمپنیوں کی رجسٹریشن آسان کرنے اور مختلف شعبوں میں اصلاحات کے لیے اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

ہارون اختر خان نے کہا کہ کاروباری اداروں کے معائنے کے نظام میں شفافیت لانے، صنعت کاروں کو سہولت فراہم کرنے اور مختلف محکموں کے طریقہ کار کو آسان بنانے پر بھی توجہ دی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت، صوبوں، گلگت بلتستان اور آزاد جموں و کشمیر میں اصلاحاتی اقدامات کے درمیان ہم آہنگی ضروری ہے تاکہ ملک بھر میں کاروبار کے لیے یکساں اور سازگار ماحول فراہم کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ حکومت ایک مربوط ون ونڈو پورٹل متعارف کرانے کا ارادہ رکھتی ہے، جس کے ذریعے کاروباری افراد ایک ہی پلیٹ فارم سے درخواستیں جمع کرا سکیں گے اور متعلقہ اداروں سے رابطے میں سہولت حاصل کر سکیں گے۔ ان کا کہنا تھا کہ کاروباری لاگت میں کمی، سرمایہ کاروں کے اعتماد میں اضافہ، مقامی صنعت کا فروغ اور روزگار کے نئے مواقع پیدا کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔