قائداعظم کے ساتھی خان عبدالقیوم خان کے افکار،اقدار اور قومی یکجہتی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی سیاسی خدمات اور تجربات سے نئی نسل کو روشناس کرانا ضروری ہے،کنور قطب الدین

10

صوابی، 26 اکتوبر (اے پی پی): مسلم لیگ قیوم گروپ کے صدر اور سابق رکن قومی اسمبلی کنور قطب الدین نے کہا ہے کہ قائداعظم کے ساتھی خان عبدالقیوم خان کے افکار، اقدار اور قومی یکجہتی کے مشن کو آگے بڑھانے کے لیے ان کی سیاسی خدمات اور تجربات سے نئی نسل کو روشناس کرانا ضروری ہے۔

خان قیوم خان قومی یکجہتی کانفرنس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ خان عبدالقیوم خان قائداعظم کے وفادار ساتھی، ایماندار اور محب وطن سیاستدان تھے، ان کی سیاسی زندگی موجودہ سیاستدانوں کے لیے مشعل راہ ہے۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کے سابق گورنر اور سینیٹر اقبال ظفر جھگڑا نے خان عبدالقیوم خان کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی سیاسی زندگی شرافت، صداقت اور امانت کے اصولوں سے عبارت تھی۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ نے قائداعظم کی قیادت میں پاکستان بنایا تھا اور میاں نواز شریف کی قیادت میں پاکستان کو بچانے کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔

سابق سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل عبدالقیوم نے خان عبدالقیوم خان کو قائداعظم کا جانثار ساتھی اور پختون قوم کا محسن قرار دیا۔ تقریب سے سابق صوبائی وزیر عبدالسبحان خان اور دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔