عالمی سرمایہ کاری فورم 2026: وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان کی دوحہ میں پاکستان کی نمائندگی ، عالمی سرمایہ کاروں کو دعوت

4

دوحہ، 26 اکتوبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے دوحہ میں عالمی سرمایہ کاری فورم 2026 میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع اجاگر کیے اور عالمی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی۔ فورم میں عالمی وزراء، سرمایہ کاروں اور کاروباری شخصیات شرکت کر رہے ہیں، جہاں مصنوعی ذہانت، توانائی، انفراسٹرکچر اور پائیدار سرمایہ کاری سمیت اہم موضوعات پر توجہ دی جا رہی ہے۔

وفاقی وزیر تجارت نے قطر بزنس مین ایسوسی ایشن کے چیئرمین شیخ فیصل بن قاسم الثانی سے ملاقات کی، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان تجارتی و اقتصادی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر آئی ٹی، لاجسٹکس، زراعت اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں تعاون کے فروغ پر زور دیا گیا۔ جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کی ہنرمند افرادی قوت قطر کی معاشی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتی ہے، جبکہ ملک زراعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں وسیع صلاحیت رکھتا ہے۔ دونوں ممالک کی کاروباری برادریوں کے درمیان براہِ راست روابط بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔

جام کمال خان نے حساد فوڈ کے چیف ایگزیکٹو علی ہلال الکواری سے بھی ملاقات کی، جس میں زراعت، غذائی تحفظ، زرعی تجارت اور سپلائی چین کے شعبوں میں تعاون بڑھانے پر گفتگو ہوئی۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان قطر کو معیاری زرعی مصنوعات فراہم کرنے کی بھرپور صلاحیت رکھتا ہے۔ انہوں نے حساد فوڈ کو کراچی میں فوڈ ایگ 2026 میں شرکت کی دعوت بھی دی۔

وفاقی وزیر تجارت نے ترکیہ کے نائب وزیر تجارت مصطفیٰ توزجو سے ملاقات میں دوطرفہ تجارت اور سرمایہ کاری کے فروغ پر تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں زراعت، غذائی تحفظ، توانائی، معدنیات، صنعت اور ٹیکنالوجی کے شعبوں میں تعاون بڑھانے اور علاقائی رابطوں کو بہتر بنانے کی اہمیت پر زور دیا گیا۔ جام کمال خان نے ترک سرمایہ کاروں کو پاکستان کے معدنیات سمیت ترجیحی شعبوں میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ بہتر تجارتی روابط سے دونوں ممالک کی منڈیوں تک رسائی میں اضافہ ہوگا۔ دونوں جانب سے اقتصادی تعلقات مضبوط بنانے کے لیے مسلسل مذاکرات اور عملی تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔