ملتان: دی ویمن یونیورسٹی میں یومِ سیاہِ کشمیر کی مناسبت سے خصوصی تقریب اور یکجہتی واک کا انعقاد

8

ملتان ، 27 اکتوبر(اے پی پی): دی ویمن یونیورسٹی ملتان کے شعبہ پولیٹیکل سائنس اینڈ انٹرنیشنل ریلیشنز اور ڈائریکٹوریٹ آف اسٹوڈنٹ افیئرز کے باہمی اشتراک سے یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر خصوصی تقریب اور یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ تقریب کا مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو اجاگر کرنا، کشمیری عوام کی لازوال قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنا اور ان کے حقِ خودارادیت کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

فاطمہ جناح ہال میں منعقدہ تقریب کی صدارت وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کی۔ اس موقع پر رجسٹرار ڈاکٹر سارہ مصدق، خزانچی ڈاکٹر دیبا شہوار، ڈائریکٹر اسٹوڈنٹ افیئرز ڈاکٹر عدیلہ سعید، شعبہ پولیٹیکل سائنس کی انچارج و کوآرڈینیٹر ڈاکٹر اسما اکبر، تدریسی شعبہ جات کے سربراہان، اساتذہ اور طالبات کی بڑی تعداد موجود تھی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک، نعتِ رسولِ مقبول ﷺ اور قومی ترانے سے ہوا۔ تقریب سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول نے کہا کہ 27 اکتوبر 1947ء کشمیری عوام کی تاریخ کا ایک سیاہ ترین باب ہے، جب بھارتی افواج کے غیر قانونی داخلے سے اس دیرینہ تنازع نے جنم لیا۔ انہوں نے کہا کہ آزادی ایک انمول نعمت ہے اور کشمیری قوم کی اپنی شناخت، وقار اور حقِ خودارادیت کے لیے دی گئی بے شمار قربانیاں کبھی رائیگاں نہیں جائیں گی۔

وائس چانسلر نے طالبات کی پرجوش تقاریر، ملی نغموں اور خاکوں کو بے حد سراہا اور زور دیا کہ تعلیم یافتہ نوجوان نسل حقائق پر مبنی آگاہی کے ذریعے عالمی سطح پر مظلوم کشمیریوں کی آواز بنے۔

تقریب کے اختتام پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر سیدہ شاہدہ بتول کی قیادت میں کچہری کیمپس میں یکجہتی واک نکالی گئی، جس میں اساتذہ، انتظامی افسران اور طالبات نے بھرپور شرکت کی۔ شرکاء نے کشمیر کے پرچم، بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے اور کشمیری عوام کی آزادی اور حقِ خودارادیت کے حق میں فلک شگاف نعرے لگائے۔