ملتان: یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر ریسکیو 1122 کی جانب سے ضلعی سطح پر مذمتی ریلیوں کا انعقاد

6

ملتان،27 اکتوبر (اے پی پی): سیکرٹری پنجاب ایمرجنسی سروسز ڈیپارٹمنٹ ڈاکٹر رضوان نصیر (ستارہِ امتیاز) کی خصوصی ہدایات کی روشنی میں ریسکیو 1122 ملتان کے مختلف اسٹیشنز پر یومِ سیاہِ کشمیر کے موقع پر مذمتی ریلیوں کا انعقاد کیا گیا اور کشمیری عوام سے بھرپور یکجہتی کا اظہار کیا گیا۔

ڈسٹرکٹ ایمرجنسی آفیسر ریسکیو 1122 ملتان ڈاکٹر حسین میاں کی زیرِ نگرانی منعقدہ ان ریلیوں میں ریسکیو افسران اور اہلکاروں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ریلیوں کا بنیادی مقصد مقبوضہ جموں و کشمیر پر بھارتی غاصبانہ قبضے کی شدید الفاظ میں مذمت کرنا اور کشمیری عوام کی حقِ خودارادیت کے لیے جاری جدوجہد کی حمایت کا اعادہ کرنا تھا۔

اس موقع پر ریسکیو 1122 کے اہلکاروں نے کشمیری شہداء اور مظلوم عوام سے ہمدردی و یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی بھی اختیار کی۔ ریلی کے شرکاء نے عالمی برادری اور انسانی حقوق کی تنظیموں سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا نوٹس لیں اور کشمیریوں کو اقوامِ متحدہ کی قراردادوں کے مطابق ان کا بنیادی حقِ خودارادیت دلوانے کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کریں۔

اس موقع پر اس عزم کا اعادہ کیا گیا کہ پاکستان اور اس کے تمام ادارے کشمیری عوام کی جدوجہدِ آزادی اور ان کے بنیادی حقوق کی حمایت ہمیشہ جاری رکھیں گے۔