تمام ملکی جامعات میں  طلبہ کو  انٹرن شپ کرائی جا رہی ہے، وزیراعظم نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، رابعہ نسیم فاروقی

13

اسلام آباد،29اکتوبر  (اے پی پی):قومی اسمبلی کو بتایاگیاہے کہ تمام ملکی جامعات میں  طلبہ کو  انٹرن شپ کرائی جا رہی ہے، وزیراعظم نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اسی سلسلے میں نیشنل ڈیجیٹل یوتھ ہب قائم کیا گیا ہے۔  قومی اسمبلی میں  ایچ ای سی  سے تسلیم شدہ جامعات اور ان سے الحاق شدہ اداروں کے طلبہ کو  انٹرن شپ کے مواقع فراہم کرنے سے متعلق  نعیمہ کشور،عثمان بادینی اوردیگراراکین کے توجہ مبذول نوٹس پر پارلیمانی سیکرٹری رابعہ نسیم فاروقی نے ایوان کو بتایا کہ   پاکستان میں مجموعی طور پر 282 جامعات ہیں جن میں سے  دو تہائی سرکاری اور ایک تہائی نجی شعبے سے تعلق رکھتی ہیں ، تمام جامعات میں انٹرن شپ کرائی جا رہی ہے اور طلبہ کے چھٹے سمسٹر میں دو ماہ کی انٹرن شپ لازمی قرار دی گئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ انٹرن شپ مکمل کرنا ڈگری کے حصول کے لیے ضروری ہے اور اس کے تین کریڈٹ آورز طلبہ کی ٹرانسکرپٹ میں شامل کیے جاتے ہیں۔ انہوں  نے وضاحت کی کہ طلبہ کو  ان کے تعلیمی شعبوں کے مطابق انٹرن شپ کے مواقع فراہم کیے جاتے ہیں، کمپیوٹر سائنس کے طلبہ کو  متعلقہ اداروں، زرعی شعبے کے طلبہ کو  زرعی فارموں جبکہ مکینیکل انجینئرنگ کے طلبہ کو  آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ  کے مختلف مقامات پر بھیجا جاتا ہے۔

 انہوں نے بتایا کہ ملک کی جامعات میں یوتھ ڈویلپمنٹ سینٹرز قائم کیے گئے ہیں جہاں طلبہ کو  کیریئر کائونسلنگ، انٹرن شپ، وظائف اور ملازمتوں کے حوالے سے رہنمائی فراہم کرنے کے ساتھ صنعتی اداروں سے روابط قائم کرنے میں بھی مدد دی جاتی ہے۔ ایک سوال پرانہوں نے کہاکہ   اگر کسی رکن کے علم میں کو ئی ایسی یونیورسٹی ہے جہاں انٹرن شپ نہیں کرائی جا رہی تو اس کی نشاندہی کی جائے تاکہ معاملے کا جائزہ لے کر کارروائی کی جا سکے۔

 انہوں نے کہا کہ وزیراعظم نوجوانوں کی تعلیم اور روزگار پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور اسی سلسلے میں نیشنل ڈیجیٹل یوتھ ہب قائم کیا گیا ہے جو نوجوانوں کو  ایک ہی ڈیجیٹل پلیٹ فارم پر قومی اور بین الاقوامی ملازمتوں سمیت مختلف مواقع سے متعلق معلومات فراہم کرتا ہے۔   رابعہ نسیم نے بتایا کہ ایچ ای سی نے وفاقی وزارت کے ذریعے تقریباً ایک ماہ قبل تمام جامعات کو  خط جاری کیا تھا جس کے تحت انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبہ کے لیے کریڈٹ آورز سے متعلق مالی بوجھ کم کرنے کی ہدایت کی گئی ہے  طلبہ کی مالی مشکلات کم کرنے کے لیے انٹرن شپ کے بعد کریڈٹ آورز کی فیس سے متعلق رعایت فراہم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔