کراچی، 31 اکتوبر ( اے پی پی):وفاقی وزیر سائنس و ٹیکنالوجی خالد حسین مگسی نے کہا ہے کہ پاکستان میں پہلے حلال فورم کا انعقاد خوش آئند ہے، حلال انڈسٹری عالمی معیشت کا ایک اہم شعبہ بن چکی ہے۔
پاکستان کے پہلے حلال فورم سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں حلال مصنوعات کی برآمدات بڑھانے کے وسیع مواقع موجود ہیں، حلال معیشت کے فروغ کے لیے سائنس، ٹیکنالوجی اور جدت ناگزیر ہیں، پاکستان عالمی حلال مارکیٹ میں اہم مقام حاصل کرنے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ پاکستان حلال اتھارٹی ملک میں حلال مصنوعات کا قومی ریگولیٹری ادارہ ہے، حلال مصنوعات کے معیار اور سرٹیفکیشن کے نظام کو مزید مؤثر بنائیں گے، عالمی معیار کی باہمی منظوری سے پاکستانی مصنوعات کی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ حلال انڈسٹری میں نوجوانوں اور چھوٹے کاروباروں کے لیے وسیع مواقع ہیں، حلال مصنوعات کی عالمی منڈیوں تک رسائی کے لیے بین الاقوامی تعاون ضروری ہے۔
خالد حسین مگسی نے کہا کہ پاکستان حلال اتھارٹی کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے، حلال شعبے میں عالمی اداروں کے ساتھ شراکت داری کو فروغ دیں گے۔
وفاقی وزیر نے پاکستان حلال فورم کے انعقاد پر منتظمین کو مبارکباد پیش کی۔











