پشاور،02 نومبر(اے پی پی): گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی نے صوبے میں کاروبار کے فروغ اور کاروباری سرگرمیوں میں آسانی کے لیے متعلقہ قوانین و ضوابط میں اصلاحات، سنگل ونڈو نظام متعارف کرانے اور آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار مزید آسان بنانے کی ہدایت کی ہے۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے صوبے میں کاروبار کو آسان بنانے اور متعلقہ قوانین و ضوابط میں اصلاحات سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس کے دوران گورنر کو کاروباری افراد کو سہولیات کی فراہمی، این او سیز کے اجرا اور خیبرپختونخوا آسان کاروبار ایکٹ 2025 کے تحت اقدامات پر بریفنگ دی گئی۔
انہیں آسان کاروبار لائیو پورٹل، ریگولیٹری لائسنسنگ اینڈ سرٹیفکیشن دفاتر کی ڈیجیٹائزیشن، درپیش مسائل اور ان کے حل سے متعلق بھی آگاہ کیا گیا۔ کاروباری اصلاحات کے لیے 19 محکموں کی مشاورت سے تیار کردہ اقدامات بھی پیش کیے گئے۔
ورنر فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ کاروباری افراد کے لیے زیادہ سے زیادہ آسانیاں پیدا کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ تمام متعلقہ سہولیات ایک ہی جگہ فراہم کرنے کے لیے سنگل ونڈو نظام متعارف کرایا جائے اور کاروبار کے فروغ کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا طریقہ کار مزید آسان بنایا جائے۔
انہوں نے کہا کہ ایسا نظام تشکیل دیا جائے جس کے تحت شہریوں کو معمولی کاموں کے لیے سرکاری دفاتر کے چکر نہ لگانے پڑیں۔ انہوں نے آسان کاروبار سے متعلق شکایات کے اندراج اور فوری ازالے کے لیے تیار کردہ پورٹل جلد از جلد فعال کرنے کی بھی ہدایت کی۔
گورنر نے وفاقی حکومت کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کے لیے فوکل پرسن مقرر کرنے اور کاروباری اصلاحات و ڈیجیٹل نظام کے نفاذ میں تیزی لانے کے لیے محکمہ آئی ٹی کے ساتھ فوری اجلاس منعقد کرنے کی ہدایت کی۔
انہوں نے آسان کاروبار کے لیے قائم کمیٹی کا اجلاس جلد طلب کرنے پر بھی زور دیا تاکہ اصلاحات پر عملی پیش رفت شروع ہو سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاروبار کے فروغ کے لیے شفاف، مؤثر اور ڈیجیٹل نظام کے ذریعے سرکاری خدمات کی فراہمی یقینی بنائی جائے۔
اجلاس میں مشیر خزانہ طارق محمود پاشا، مشیر صنعت ارشاد احمد، مشیر ترقی و منصوبہ بندی عثمان سیف اللہ، چیف سیکرٹری ڈاکٹر فخر عالم عرفان، سیکرٹری صنعت سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔











