اسلام آباد میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کے”جناح میڈیکل کمپلیکس” پر جائزہ اجلاس

5

اسلام آباد: 02 نومبر (اے پی پی): وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں زیر تعمیر بین الاقوامی معیار کے اسپتال “جناح میڈیکل کمپلیکس” پر ایک اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ جناح میڈیکل کمپلیکس کی تعمیر میں معینہ مدت کے اندر تمام اہداف کا حصول ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کمپلیکس میں تمام تر تقرریاں صرف اور صرف میرٹ پر اور شفاف طریقے سے کی جائیں۔

انہوں نے تاکید کی کہ ہسپتال کی انتظامی امور کی بہتری اور عالمی سطح کے علاج معالجے کے معیار کو یقینی بنانے کے لیے کسی نامور نجی ادارے کی خدمات حاصل کی جائیں،نیز کم آمدن اور متوسط طبقے کے لیے جدید ترین تشخیصی سہولیات جیسے پیٹس اسکین  وغیرہ کو منصوبے کا کلیدی حصہ بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے واضح کیا کہ جناح میڈیکل کمپلیکس اسلام آباد سمیت پورے پاکستان، بالخصوص خیبر پختونخوا، آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان کے عوام کو علاج کی جدید ترین سہولیات فراہم کرے گا۔ انہوں نے منصوبے پر پیش رفت کو تسلی بخش قرار دیتے ہوئے وقت پر تکمیل کی سخت ہدایت کی۔

اجلاس کے دوران بریفنگ میں بتایا گیا کہ جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر  پر مجموعی طور پر 59 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے، جبکہ مرکزی ہسپتال اور پارکنگ پلازہ کا بنیادی ڈھانچہ مکمل کر لیا گیا ہے۔ 403 بستروں پر مشتمل اس اہم منصوبے کو 23 مارچ 2027 تک فعال کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔ علاوہ ازیں، طبی آلات کی تنصیب و دیکھ بھال اور ڈیجیٹل مینجمنٹ سسٹم پر بھی پیش رفت جاری ہے۔

بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ سیکٹر ایچ-11 میں جناح میڈیکل اینڈ ریسرچ سینٹر کے فیز ٹو  کے نظرثانی شدہ ڈیزائن کے تحت قومی سطح پر مسابقتی بِڈنگ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے اور تعمیراتی کام جلد شروع ہو جائے گا۔ منصوبے کے لیے جدید تشخیصی مشینری اور اسکینرز کی خریداری کی کارروائی بھی جاری ہے۔

اجلاس میں وفاقی وزراء احسن اقبال، احد خان چیمہ، سید مصطفی کمال، طارق فضل چوہدری اور دیگر متعلقہ اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔