راولپنڈی، 3 نومبر(اے پی پی)؛پاکستان نے پہلے مقامی طور پر تیار کردہ فضا سے فضا میں مار کرنے والے میزائل فاعز کا کامیاب تجربہ کر لیا، جو قومی ایرو اسپیس اور دفاعی صلاحیتوں میں ایک اور اہم سنگ میل ہے۔
آئی ایس پی آر کے مطابق جدید ترین ٹرمینل گائیڈنس سسٹم سے لیس یہ میزائل دشمن کے فضائی اہداف کو طویل فاصلے تک نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ فاعز پاک فضائیہ کی آپریشنل لچک میں نمایاں اضافہ کرے گا اور ملک کی مجموعی دفاعی پوزیشن کو مزید مضبوط بنائے گا۔ کامیاب تجربہ پاکستان کی دفاعی صنعت کی تکنیکی پختگی، جدت اور خود انحصاری کا ثبوت ہے۔
تجربے کا مشاہدہ مسلح افواج کے سینئر افسران اور اس جدید ہتھیار کے نظام کی تیاری میں کلیدی کردار ادا کرنے والے ممتاز سائنسدانوں اور انجینئرز نے کیا۔
صدر، وزیر اعظم پاکستان، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز اور سروسز چیفس نے سائنسدانوں اور انجینئرز کو اس شاندار کامیابی پر مبارکباد پیش کی۔











