الجزائر کے قومی دن کی 72ویں سالگرہ کی تقریب، پاکستان کے ساتھ دوطرفہ تعلقات اور اقتصادی تعاون بڑھانے کا عزم

18

اسلام آباد، 12 نومبر (اے پی پی): الجزائر کے قومی دن اور یکم نومبر 1954 کی جنگ آزادی کی 72ویں سالگرہ کے موقع پر اسلام آباد میں الجزائر کے سفارتخانے کے زیر اہتمام تقریب منعقد ہوئی۔ وفاقی وزیر برائے پارلیمانی امور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ تقریب میں سفیروں، سفارتی مشنز کے سربراہان اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے پاکستان میں الجزائر کے سفیر ڈاکٹر براہیم رومانی نے کہا کہ الجزائر کے عوام نے فرانسیسی استعمار کے خلاف طویل جدوجہد میں بے مثال قربانیاں دیں۔ انہوں نے الجزائر کی تحریک آزادی میں پاکستان کی حمایت کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ان اولین ممالک میں شامل تھا جنہوں نے الجزائر کی آزادی کی جدوجہد کی حمایت کی اور 1958 میں اس کی عبوری حکومت کو تسلیم کیا۔

الجزائر کے سفیر نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تاریخی اور برادرانہ تعلقات قائم ہیں اور علاقائی و عالمی سطح پر باہمی تعاون کو مزید فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ الجزائر سرمایہ کاری اور تجارت کا اہم مرکز بن چکا ہے جہاں توانائی، زراعت، صنعت، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور دیگر شعبوں میں وسیع مواقع موجود ہیں۔

انہوں نے پاکستانی کاروباری برادری کو الجزائر میں سرمایہ کاری کی دعوت دیتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان تجارت، سرمایہ کاری اور اقتصادی شراکت داری بڑھانے کی بھرپور صلاحیت موجود ہے۔ الجزائر کا سفارتخانہ دوطرفہ اقتصادی تعاون کے فروغ اور کاروباری وفود کی نمائشوں میں شرکت کے لیے سہولتیں فراہم کر رہا ہے۔