راولپنڈی کی سکستھ روڈ رنگ برنگے موسمی پھولوں سے مہک اٹھی، ہارٹیکلچر ایجنسی کا تزئین و آرائش کا کام جاری

11

راولپنڈی، 12 نومبر (اے پی پی): ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی کی جانب سے شہر کی اہم شاہراہوں اور گرین بیلٹس کو سرسبز و شاداب بنانے کے لیے موسمی پھولوں کی شجرکاری کا سلسلہ تیزی سے جاری ہے، جس کے تحت مصروف ترین شاہراہ سکستھ روڈ کی گرین بیلٹس کو رنگا رنگ پھولوں سے آراستہ کر دیا گیا ہے۔

ایجنسی کے ترجمان کے مطابق مختلف اقسام کے موسمی پھولوں کی دلکش ترتیب نے شاہراہ کے اطراف خوشگوار اور دیدہ زیب ماحول پیدا کر دیا ہے، جسے شہریوں اور راہگیروں کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔

منیجنگ ڈائریکٹر (ایم ڈی) ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی احمد حسن رانجھا کی خصوصی ہدایات پر شہر کے پارکس، گرین بیلٹس اور عوامی مقامات کی خوبصورتی میں اضافے کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔

 اس حوالے سے ایم ڈی احمد حسن رانجھا کا کہنا ہے کہ موسمی تقاضوں کے مطابق پھولوں کی شجرکاری اور گرین بیلٹس کی تزئین و آرائش کو اولین ترجیح دی جا رہی ہے اور راولپنڈی کو ایک صاف ستھرا، صحت مند اور سرسبز شہر بنانے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جا رہے ہیں۔