کوئٹہ، 11 نومبر (اے پی پی):جامعہ بلوچستان کے 22ویں کانووکیشن کی پروقار تقریب بدھ کو یونیورسٹی لاء کالج میں منعقد ہوئی جس میں 23 اسکالرز کو پی ایچ ڈی، 29 اسکالرز کو ایم فل کی ڈگریاں جبکہ نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے 58 طلبا و طالبات کو گولڈ میڈلز سے نوازا گیا۔ تقریب کے مہمان خصوصی گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل تھے۔کانووکیشن میں صوبائی وزیر تعلیم راحیلہ حمید خان درانی، وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی، صوبائی وزرا، اراکین صوبائی اسمبلی، مختلف محکموں کے سیکرٹریز، جامعات کے وائس چانسلرز، اساتذہ، طلبا و طالبات اور والدین نے شرکت کی۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گورنر بلوچستان شیخ جعفر خان مندوخیل نے کہا کہ جامعہ بلوچستان صوبے کے ممتاز تعلیمی اداروں میں سے ایک ہے، جس کے فارغ التحصیل طلبا و طالبات نے قومی تعمیر و ترقی میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ یونیورسٹی کے فارغ التحصیل افراد میں متحرک رہنما، دانشور، محققین اور مختلف شعبوں کے ماہرین شامل ہیں۔انہوں نے کہا کہ دنیا اس وقت چوتھے صنعتی انقلاب کے دور سے گزر رہی ہے، جہاں مصنوعی ذہانت (اے آئی)، ڈیٹا سائنس، شمسی توانائی اور جدت طرازی نے ترقی کے روایتی تصورات تبدیل کر دیے ہیں۔ موجودہ دور میں محض روایتی ڈگریاں حاصل کرنا کافی نہیں بلکہ طلبا کو جدید مہارتوں، تخلیقی سوچ اور بدلتے حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے کی صلاحیت بھی پیدا کرنا ہوگی۔گورنر بلوچستان کا کہنا تھا کہ اللہ تعالی نے بلوچستان کو قدرتی حسن، بے پناہ انسانی صلاحیتوں اور غیر معمولی جغرافیائی اہمیت سے نوازا ہے۔ بلوچستان وسطی ایشیا اور مشرق وسطی کے لیے اہم گزرگاہ کی حیثیت رکھتا ہے جبکہ گوادر سی پیک کا مرکز ہے، جو محض ایک منصوبہ نہیں بلکہ ترقی اور نئے مواقع کا دروازہ ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم ہنرمند، تعلیم یافتہ اور جدید ٹیکنالوجی سے آراستہ افرادی قوت تیار کرنے میں کامیاب ہوگئے تو مستقبل ہمارا ہوگا اور بلوچستان کے عوام سی پیک سمیت ابھرتی ہوئی علاقائی معیشت سے سب سے زیادہ مستفید ہوں گے۔اس موقع پر وائس چانسلر جامعہ بلوچستان پروفیسر ڈاکٹر ظہور احمد بازئی نے سال 2025-26 کے دوران یونیورسٹی کی تعلیمی اور تحقیقی پیش رفت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ جامعہ نے تحقیق، نئے تعلیمی پروگرامز اور انفراسٹرکچر کی بہتری کے حوالے سے نمایاں کامیابیاں حاصل کی ہیں۔تقریب کے اختتام پر گورنر بلوچستان نے پی ایچ ڈی اور ایم فل اسکالرز میں ڈگریاں جبکہ نمایاں پوزیشن حاصل کرنے والے طلبا و طالبات میں گولڈ میڈلز تقسیم کیے۔ اس موقع پر معزز مہمانوں کو اعزازی شیلڈز بھی پیش کی گئیں۔











