کراچی، 13 نومبر (اے پی پی): وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام کے تحت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ اور حکومتی ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے عمل کو آگے بڑھانے کے لیے پاکستان بینکس ایسوسی ایشن (پی بی اے) کے دفتر کا دورہ کیا اور بینکوں کے صدور، چیف ایگزیکٹو آفیسرز اور چیف ڈیجیٹل آفیسرز سے ملاقات کی۔ اجلاس میں اسٹیٹ بینک آف پاکستان، راست کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کارانداز کے حکام نے بھی شرکت کی۔
اجلاس کے دوران وزیر مملکت نے کیش لیس پاکستان اقدام پر پیش رفت سے آگاہ کیا اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے استعمال میں اضافے اور سرکاری ادائیگیوں کی ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے حکومتی اقدامات کو اجاگر کیا۔ انہوں نے بینکوں پر زور دیا کہ وہ وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام کو آگے بڑھانے اور ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ میں اپنا فعال کردار ادا کریں۔
انہوں نے بتایا کہ حکومت تاجروں کو ڈیجیٹل ادائیگیوں کی جانب راغب کرنے کے لیے راست کیو آر سبسڈی سمیت مختلف اقدامات کر رہی ہے، جبکہ وزیراعظم نے ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے اس سبسڈی کو جاری رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔
بلال اظہر کیانی نے کہا کہ وزیراعظم کی کیش لیس کمیٹی ڈیجیٹل ادائیگیوں کے فروغ کے لیے اہداف اور کارکردگی کے اشاریوں کو مزید مؤثر بنانے پر کام کر رہی ہے۔ انہوں نے بینکنگ شعبے کے نمائندگان کو اس حوالے سے اپنی تجاویز پیش کرنے کی دعوت دی تاکہ ملک میں ڈیجیٹل ادائیگیوں کے نظام کو مزید بہتر بنایا جا سکے۔
وزیر مملکت نے اسٹیٹ بینک آف پاکستان کو ہدایت کی کہ وہ بینکوں کے چیف ڈیجیٹل آفیسرز، راست کے چیف ایگزیکٹو آفیسر اور کارانداز کے ساتھ تفصیلی مشاورت کرے اور وزیراعظم کی کیش لیس کمیٹی کے لیے قابل عمل تجاویز مرتب کرے۔ مشاورت میں کیو آر سمیت ڈیجیٹل ادائیگیوں کے مختلف طریقوں میں صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے اور ان کے وسیع تر استعمال کے لیے اقدامات پر توجہ دی جائے گی۔
وزیر مملکت نے وزیراعظم کے کیش لیس پاکستان اقدام کی معاونت میں کارانداز کے کردار کو بھی سراہا اور اس اہم مشاورتی اجلاس کی میزبانی پر پاکستان بینکس ایسوسی ایشن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ وہ آنے والے مہینوں میں بھی بینکوں کے ساتھ اس اقدام پر مزید مشاورت کے خواہاں ہیں۔
پاکستان بینکس ایسوسی ایشن نے وزیر مملکت کے دورے اور اجلاس کے انعقاد کا خیرمقدم کرتے ہوئے وزیراعظم اور حکومت کی جانب سے کیش لیس پاکستان اقدام پر توجہ کو سراہا اور اس قومی مقصد کے حصول کے لیے بینکنگ شعبے کے بھرپور تعاون کے عزم کا اعادہ کیا۔











