اسلام آباد،13 نومبر (اے پی پی): مشیر نجکاری محمد علی نے کہا ہے کہ ملکی ترقی اور معاشی استحکام کے لیے نجی شعبے کی شمولیت، تحقیق اور مشاورت کی بنیاد پر سازگار پالیسیاں تشکیل دینا ضروری ہے۔ نجی شعبے کو ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔
انہوں نے کہا کہ پالیسی سازی کے عمل میں نجی شعبے، اکیڈمیا، جامعات، اسکالرز اور تھنک ٹینکس کی آرا سے استفادہ کرنا اہم ہے۔ ان اداروں کے ساتھ مؤثر روابط اور مشاورت کے ذریعے بہتر اور ترقی پر مبنی پالیسیاں تشکیل دی جا سکتی ہیں۔مشیر نجکاری نے کہا کہ تحقیق اور تجزیے کو پالیسی سازی میں خصوصی اہمیت دی جانی چاہیے جبکہ مختلف شعبوں کے اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ مشاورت اور تبادلہ خیال سے پالیسیوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے کو دلیل اور مثبت مکالمے کے ذریعے حل کرنا چاہیے۔ نجکاری اور پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کا فروغ ملکی ترقی میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے اور نجی شعبے کو ترقی کے عمل میں قائدانہ کردار دینے سے پاکستان کو آئندہ دو سے تین دہائیوں میں ترقی کی نئی منزلوں تک پہنچانے میں مدد ملے گی۔











