نوجوان نسل مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار اور پیغام کو سمجھتے ہوئے خودی، محنت اور عمل کو اپنا شعار بنائے اشفاق احمد خلیل

30

اسلام آباد,13نومبر  (اے پی پی):وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات  اشفاق احمد خلیل نے کہا ہے کہ نوجوان نسل مفکر پاکستان علامہ محمد اقبال ؒ کے افکار اور پیغام کو سمجھتے ہوئے خود اعتمادی، خودی ،محنت اور عمل کو اپنا شعار بنائے کیونکہ ملک کے مستقبل کی ذمہ داری نوجوانوں کے کندھوں پر عائد ہوتی ہے اور ملک کو آگے لے کر جانے کی باگ ڈور ا ن کے ہاتھ میں ہے، نوجوانوں  نے ملک کے قیام میں اہم کردار ادا کیا تھا ،پاکستان کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں ان کا کلیدی کردار ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو انفارمیشن سروس اکیڈمی میں  ڈائریکٹوریٹ الیکٹرانک میڈیا  اینڈ پبلیکیشن (ڈیمپ) کے زیر اہتمام یوم اقبال کی مناسبت سے منعقدہ پینٹنگز کی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبالؒ نے 100 سال قبل جو پیغام دیا تھا اور آگے چل کر جو قیام پاکستان کی بنیاد بنا اس کو آج کی نوجوان نسل سمجھتی ہے۔ اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ ہماری تقریباً 60 فیصد آبادی نوجوانوں پرمشتمل ہے اور ملک کو آگے لے کر جانے کی باگ ڈور ان کے ہاتھ میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے قائدین اور بزرگوں کے پیغام پرنوجوانوں نے ملک کے قیام میں اہم کردار ادا کیا اور اب ترقی کے لئے بھی ان پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔  انہوں نے ڈیمپ کی کاوشوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یوم اقبال کی مناسبت سے ایک منفرد تقریب منعقد کی گئی ہے۔ وفاقی سیکرٹری اطلاعات ونشریات نے کہا کہ ڈیمپ نے علامہ اقبال کی فکر و فلسفہ کے فروغ کےلئے تیار کردہ  دستاویزی فلم میں ان کے کلام کا انتخاب خوبصورتی سے کیا جبکہ طالب علم کی تیار کردہ  دستاویزی فلم میں پیش کئے گئے علامہ اقبال ؒکے پیغام کو آج کی نوجوان نسل بخوبی سمجھتی ہے، فلم میں خودی کے درس پر خصوصی توجہ مرکوز کی گئی جبکہ منتخب فوٹیجز بھی شاندار ہیں۔ ڈیجیٹل اور سوشل میڈیا کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ  اس کے فائدے بھی ہیں اور نقصانات بھی ہیں، ہمیں کوشش کرنی چاہئے کہ ٹیکنالوجی کا مثبت استعمال کریں۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل ڈیجیٹل میڈیا استعمال کرتی ہے اور ٹیکنالوجیز کی ترقی سے اس میں جدت آئی ہے، مصنوعی ذہانت(اے آئی) کا استعمال نوجوانوں میں زیادہ ہے تاہم اس کا ذمہ درانہ استعمال ضروری ہے تاکہ معاشرے  کو  فائدہ ہو۔ سیکرٹری اطلاعات ونشریات نے کہا کہ وفاقی وزیر اطلاعات ونشریات عطاء اللہ تارڑ کی ہدایات کے مطابق  وزارت میں ڈیجیٹل  میڈیا کا خصوصی شعبہ قائم کیا گیا جس سے حقائق پرمبنی درست اطلاعات فراہم کی جاتی ہیں، ہمیں ڈیجیٹل میڈیا کے اس کردار کو اجاگر کرنا چاہئے جو ملک کے مفاد میں ہو۔ انہوں نے کہا کہ وزارت اطلاعات ونشریات کی جانب سے نوجوان نسل کےلئے کئے گئے اقدامات کو ڈیجیٹل میڈیا کے ذریعے پھیلایا جار ہا ہے ۔ انہو ں نے کہا کہ پاک بھارت تنازعہ کے دوران   ڈیجیٹل کے موجود ہ دور میں  بھارت کی جانب سے جھوٹ پر مبنی بیانیہ پھیلایا گیا جو ناکام ہوا تاہم پاکستان کا حقائق پر مبنی بیانیہ ہی پوری دنیا نے تسلیم کیا۔ بین الاقوامی برادری کےلئے پاکستان ٹی وی کی انگریزی میں نشریات کا آغاز کیا گیا ہے، بڑے بڑے میڈیا ہائوسزپاکستان ٹی وی کی خبروں کا حوالہ دیتے ہیں جومستنداورحقیقی خبریں دیتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ انفارمیشن گروپ پر ذمہ داری بڑھ گئی ہے اوراب ان کو سوشل  و ڈیجیٹل میڈیا پر عبور حاصل کرنا چاہئے۔ ڈیمپ کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے سیکرٹر ی اطلاعات نے کہا کہ ایگزیکٹو ڈائریکٹرجنرل ڈیمپ عمرانہ وزیر اور ان کی ٹیم کا کردار قابل ستائش ہے۔ وفاقی سیکرٹری نے کہا کہ ہم سب نے انفارمیشن سروسز اکیڈمی سے تربیت حاصل کی  ہے۔ حالیہ بیج کی پوسٹنگ کے دوران نوجوان آفیسرز سے پوچھا گیا کہ آپ کیا تبدیلیاں لانا چاہتے ہیں  تو سب کا جواب تقریباً مشترک تھا اور انہوں نے کورس کی بہتری کی تجاویز پیش کی ہیں جس کے تناظر میں ان کی تربیت میں مزید بہتری لائی جائے گی کیونکہ انفارمیشن گروپ کے آفیسرز کا تربیتی کورس موجودہ دور کے تقاضو ں کے مطابق  ہونا چاہئے۔ تصویری نمائش کے حوالے سے اشفاق احمد خلیل نے کہا کہ بچوں نے بہترین تصویریں بنائی ہیں ان کی حوصلہ افزائی کی جائے اور انہیں سرٹیفیکیٹس دیئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ اس طرح کے ایونٹس مستقبل میں بھی ہوتے رہیں گے۔ بعد ازاں سیکرٹری اطلاعات ونشریات  نے 27 اکتوبر کے موقع پر کشمیربلیک ڈے کے حوالے سے مقابلوں میں شرکت کرنے والے بچوں کو سرٹیفیکیٹ بھی عطا کئے۔ پینٹنگز کے مقابلوں میں اول پوزیشن فائونڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد کی طالبہ رملہ شاہد جبکہ دوسری پوزیشن عبدالرافع  نے حاصل کی اور تیسرے نمبر پر یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے طالب علم محمد علی خان رہے ان کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔ اس کے علاوہ مقابلوں میں شرکت کی اسناد  فائونڈیشن یونیورسٹی اسلام آباد کے طلبا اسامہ بن شاہد اور محمد احسن کو دی گئیں۔ قبل ازیں اپنے خطبہ استقبالیہ  میں ای  ڈی جی  ڈیمپ عمرانہ وزیر نے تقریب کے شرکا  کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ  ہمارے لئے یہ امر باعث مسرت ہے کہ ہم ایک عظیم شخصیت کی یاد میں جمع ہیں جن کا ادبی اور فکری ورثہ ہماری تاریخ کا اہم حصہ ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ علامہ اقبالؒ کے افکار کو نوجوانوں تک پہنچایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ علامہ اقبال نے ملک کا تصور پیش کیا تو نوجوان طبقہ کو خصوصی طور پر مخاطب کیا۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے قائدین کے حوالے سے تقریبات کو شایان شان طریقے سے منانے کےلئے تصویری اورڈاکیومنٹری مقابلے کراتے رہیں گے، ڈیمپ بانی پاکستان قائداعظم  محمد علی جناحؒ اورعلامہ محمد اقبالؒ کی ملک و قوم کےلئے کی گئی کاوشوں کو نوجوان نسل تک پہنچاتے رہیں گے۔ تقریب کے دوران مختلف دستاویزی فلمیں بھی دکھائی گئیں جبکہ یونیورسٹی آف واہ کے طالب علم محمد عبداللہ کی تیار کردہ علامہ اقبال کے وژن اور فلسفہ سے متعلق دستاویزی فلم بھی پیش کی گئی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ڈیمپ محمد سلیم اور وزارت کے سینئر افسران بھی موجود تھے۔