وفاقی وزیر خزانہ سے ٹرانسشن ہولڈنگز کے چیئرمین کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری اور مقامی صنعت کے فروغ پر تبادلہ خیال

10

 

اسلام آباد، 13 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب سے چین کے معروف صنعتی گروپ ٹرانسشن ہولڈنگز کے بانی و چیئرمین جارج ژو نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی، جس میں پاکستان میں کمپنی کی جاری سرگرمیوں، مستقبل میں سرمایہ کاری، مقامی مینوفیکچرنگ کے فروغ اور برآمدات بڑھانے کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفاقی وزیر خزانہ نے پاکستان میں ٹرانسشن ہولڈنگز کی سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں میں توسیع میں دلچسپی کا خیرمقدم کرتے ہوئے ملکی مینوفیکچرنگ کے شعبے میں کمپنی کے کردار کو سراہا۔ اس موقع پر کمپنی کے وفد نے پاکستان میں اسمارٹ فونز، الیکٹرک بائیکس اور انرجی اسٹوریج کے شعبوں میں جاری آپریشنز اور مستقبل کے کاروباری منصوبوں سے آگاہ کیا۔

ملاقات میں مقامی سطح پر مینوفیکچرنگ کے فروغ، مقامی صنعتوں کی ترقی اور سپلائی چین کو مضبوط بنانے پر خصوصی توجہ دی گئی۔ اس موقع پر اسمبلی کے ساتھ ساتھ پرزہ جات کی تیاری اور ویلیو ایڈیشن کے فروغ کے امکانات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا، جس سے مقامی کاروباری اداروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہو سکتے ہیں۔

وفاقی وزیر خزانہ نے کہا کہ پائیدار معاشی استحکام سرمایہ کاروں کے اعتماد اور طویل مدتی کاروباری منصوبہ بندی کے لیے مضبوط بنیاد فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے حکومت کے اصلاحاتی اقدامات کے تسلسل، برآمدات پر مبنی ترقی، ویلیو ایڈیشن اور عالمی سپلائی چین میں پاکستان کے کردار کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

ملاقات میں پاکستان کو مینوفیکچرنگ اور برآمدات کے علاقائی مرکز کے طور پر ترقی دینے کے امکانات پر بھی غور کیا گیا۔ کمپنی کے چیئرمین نے پاکستان کی بڑی صارف منڈی، جغرافیائی اہمیت اور کاروباری ماحول کو طویل مدتی سرمایہ کاری کے لیے اہم عوامل قرار دیا۔

وفاقی وزیر نے ٹرانسشن ہولڈنگز اور متعلقہ سرکاری اداروں کے درمیان مسلسل رابطے اور تعاون کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے پاکستان میں مزید سرمایہ کاری اور کاروباری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے مشترکہ کوششیں جاری رکھنے پر زور دیا۔

ملاقات میں ٹرانسشن کے پاکستان میں سربراہ جو ہو، بورڈ ممبر عارف چوہدری، ہیڈ آف مینوفیکچرنگ زکری ژو، جنرل منیجر مینوفیکچرنگ سینٹر ایسن ژو، ٹیکنو کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عامر علاوالا، ڈائریکٹر آصف علاوالا اور ڈائریکٹر عبداللہ علاوالا بھی موجود تھے۔