اسلام آباد کے مختلف کمرشل مراکز کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کا کام تیزی کیساتھ جاری

6

اسلام آباد،15نومبر  (اے پی پی):چیئرمین کیپیٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف کی ہدایت پر دارالحکومت اسلام آباد کے مختلف کمرشل مراکز کی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کام تیزی سے جاری ہیں تاکہ دارالحکومت اسلام آباد میں مراکز کی اپگریڈیشن اور مجموعی خوبصورتی میں مزید اضافہ کو یقینی بنایا جاسکے۔اس سلسلے میں اسلام آباد میں واقع کوہسار مارکیٹ کی اپ لفٹنگ کے کاموں کی تکمیل اور فنشنگ ورک جاری ہے۔ اسی طرح ایف7 مرکز، جناح سپر مارکیٹ میں بھٹائی روڈ تک کا کام مکمل کر لیا گیا ہے جبکہ باقی ماندہ پورشن کا کام بھی جلد ہی مکمل کرلیا جائیگا۔- ایف7  مرکز، جناح سپر مارکیٹ میں فٹ پاتھوں کو از سر نو تعمیر کیا جا رہا ہے جبکہ مکمل شدہ حصوں کیساتھ بجلی کے خوبصورت پولز و دیدہ زیب لائٹس نصب کی جا رہی ہیں۔ مزید برآں، آبپارہ مارکیٹ میں بھی اپ لفٹنگ اور تزئین و آرائش کے کام جاری ہیں۔ ان مراکز میں خوبصورت لینڈ سکیپنگ اور ہارٹیکلچر کے کام بھی کئے جا رہے ہیں اور سیوریج، پارکنگ کی اپگریڈیشن سمیت دیگر کاموں کی جلد تکمیل کو یقینی بنانے کیلئے تیزی کے ساتھ کام کیا جارہا ہے۔

چیئرمین سی ڈی اے کی ہدایت پر مراکز کی خستہ حال سڑکوں پر پیچ ورک کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ اسی طرح مراکز میں شہریوں اور صارفین کے بیٹھنے کیلئے بینچز اور خوبصورت ڈسٹ بینز بھی نصب کیے جا رہے ہیں۔چیئرمین سی ڈی اے و چیف کمشنر اسلام آباد سہیل اشرف نے ہدایت کی کہ تمام منصوبوں کو مقررہ ٹائم لائن کیمطابق مکمل کیا جائے اور معیار کو بھی یقینی بنایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کمرشل مراکز کی اپگریڈیشن سے  دارالحکومت کے انفراسٹرکچر میں بہتری اور مجموعی طور پر خوبصورتی میں نمایاں اضافہ ہوگا۔