اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان سے ترکمانستان کے وزیر تجارت دورت گلی سلیمانوف نے ملاقات کی جس میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری، علاقائی روابط اور تجارتی راہداریوں کے فروغ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان اور ترکمانستان کے درمیان اقتصادی تعاون اور تجارتی تعلقات کو مزید وسعت دینے کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے ٹیکسٹائل، زراعت، فوڈ پروسیسنگ اور صنعتی شعبوں میں مشترکہ سرمایہ کاری کے فروغ کی اہمیت پر زور دیا۔
انہوں نے کہا کہ علاقائی اقتصادی روابط کے فروغ کے لیے متبادل تجارتی راہداریوں، سرحد پار نقل و حمل اور لاجسٹکس کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کی ضرورت ہے۔
جام کمال خان نے کہا کہ وسطی ایشیائی منڈیوں تک رسائی کے لیے تجارتی اور نقل و حمل کی سہولتوں کو بہتر بنانا اہم ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن وسطی ایشیائی ممالک میں اپنی سرگرمیوں کو وسعت دے رہی ہے۔
وفاقی وزیر نے تاجروں اور سرمایہ کاروں کے لیے ویزا سہولتوں میں بہتری، کاروباری روابط کے فروغ اور تجارتی معلومات تک رسائی کی اہمیت پر بھی زور دیا۔ انہوں نے ترکمان ہم منصب کو وزارت تجارت کے نئے آن لائن تجارتی معلوماتی پورٹل سے بھی آگاہ کیا۔
ملاقات میں دونوں ممالک نے تجارتی حجم میں اضافے اور کاروباری روابط کو مضبوط بنانے کے عزم کا اظہار کیا جبکہ تجارتی امور پر مستقل رابطے برقرار رکھنے کے لیے فوکل پرسنز مقرر کرنے پر بھی اتفاق کیا گیا۔
اس موقع پر جام کمال خان نے کہا کہ پاکستان کے ٹیرف اصلاحاتی پروگرام سے غیر ملکی سرمایہ کاروں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور دونوں ممالک کے درمیان اقتصادی تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔
دونوں ممالک کے درمیان مشترکہ بین الحکومتی کمیشن کا اجلاس بھی اسلام آباد میں منعقد ہوگا، جس میں تجارت، ٹرانسپورٹ اور علاقائی روابط کے شعبوں میں تعاون کا جائزہ لیا جائے گا۔











