ملتان، 17 نومبر (اے پی پی):وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے دریائے سندھ پر واقع لیہ تونسہ پل سے منسلک سڑکوں کی تعمیر کا باقاعدہ افتتاح کر دیا ہے، جس سے جنوبی پنجاب کے عوام کا ایک دہائی پرانا اور دیرینہ مسئلہ حل ہونے جا رہا ہے۔
منگل کو لیہ میں منصوبے کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ دس سال قبل دریائے سندھ پر پل کی تعمیر تو مکمل کر لی گئی تھی لیکن بدقسمتی سے دونوں اطراف رابطہ سڑکیں غائب تھیں جس کی وجہ سے عوام اس منصوبے کے ثمرات سے محروم تھے۔
انہوں نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام سے کیا ہوا وعدہ پورا کر دیا گیا ہے اور یہ نئی رابطہ سڑکیں ریکارڈ مدت یعنی محض دو ماہ میں مکمل کر لی جائیں گی، جبکہ مکمل ہونے کے بعد ان سڑکوں کا باقاعدہ افتتاح وزیراعظم پاکستان کریں گے۔
وفاقی وزیر نے پل پر لائٹس لگانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ نئی سڑکوں کی تعمیر سے لیہ اور تونسہ کے شہر دونوں اطراف سے براہ راست منسلک ہو جائیں گے، جس کے بعد دونوں شہروں کے درمیان گھنٹوں کا دشوار گزار سفر محض منٹوں میں طے ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ اس منصوبے کی تکمیل سے علاقے میں تجارت، زراعت اور آمدورفت کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔
متاثرینِ اراضی کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان نے واضح کیا کہ سڑکوں کی تعمیر کی زد میں آنے والی ایک ایک مرلہ زمین کا مکمل معاوضہ ادا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی (این ایچ اے) نے اراضی کے معاوضے کی مکمل رقم ضلعی انتظامیہ کے حوالے کر دی ہے اور کمشنر و ڈپٹی کمشنر کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ متاثرہ عوام کو معاوضے کی رقم فوری طور پر ادا کریں۔
جنوبی پنجاب کی محرومیوں کا ذکر کرتے ہوئے وفاقی وزیر مواصلات نے کہا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کی ترقی بھی ملک کے دیگر شہروں کی طرح ان کا برابر کا حق ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ علیحدہ صوبے کے قیام سمیت جنوبی پنجاب کے عوام کو ہر طرح کے آئینی اور ترقیاتی حقوق ملنے چاہئیں۔
قبل ازیں لیہ آمد پر مقامی عوام اور سیاسی قیادت کی جانب سے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان کا والہانہ استقبال کیا گیا اور ان پر پھولوں کی پتیاں نچھاور کی گئیں۔ نوجوانوں نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا، زبردست نعرے بازی کی اور مہمانِ خصوصی کو علاقے کی روایتی پگڑی پہنائی۔
اس موقع پر لیہ سے سابق رکن صوبائی اسمبلی سید رفاقت علی گیلانی اور جنوبی پنجاب کے دیگر سیاسی رہنماؤں نے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر عبدالعلیم خان سے اظہارِ تشکر کیا۔ مقررین نے کہا کہ عبدالعلیم خان نے اپنا وعدہ سچ کر دکھایا ہے اور وہ سڑکوں کی تعمیر عملاً شروع کروانے کے بعد ہی لیہ تشریف لائے ہیں، جس پر پورا علاقہ ان کا شکر گزار ہے۔











