اسلام آباد، 17 نومبر (اے پی پی): وفاقی وزیر برائے مذہبی امور و بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ دوسرا بین الاقوامی مقابلہ برائے قرأت قرآن کریم 24 سے 26 نومبر 2026 تک اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔ یہ مقابلہ محض ایک مسابقتی تقریب نہیں بلکہ قرآن کریم سے وابستگی، محبت اور عقیدت کے اظہار کا ایک عالمی پلیٹ فارم ہے۔ اس کا بنیادی مقصد قرآن مجید کی عظمت، اس کی آفاقی تعلیمات اور تلاوتِ قرآن کی روحانی و علمی اہمیت کو اجاگر کرنا ہے۔
انھوں نے کہا کہ اس مقابلے کے ذریعے دنیا بھر کے ممتاز قراء کرام کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار اور ایک دوسرے کے تجربات سے استفادہ کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔قرأتِ قرآن کریم اسلامی تہذیب و ثقافت کا ایک اہم اور خوبصورت پہلو ہے، جو مسلمانوں کو قرآن مجید کے ساتھ مضبوط تعلق قائم کرنے کی ترغیب دیتا ہے۔ اس طرح کی بین الاقوامی تقریبات نوجوان نسل میں قرآن کریم کی تلاوت، حفظ اور درست ادائیگی کے شوق کو فروغ دینے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔
اس بین الاقوامی مقابلے میں 69 ممالک سے قراء کرام کو شرکت کی دعوت دی گئی تھی تاہم اب تک 31 ممالک کے قراء کرام کی شرکت متوقع ہے۔ یہ امر اس مقابلے کی عالمی اہمیت اور مسلم دنیا میں اس کی بڑھتی ہوئی پذیرائی کا عکاس ہے۔ مختلف ممالک سے ممتاز قراء کرام کی پاکستان آمد ہمارے لیے باعثِ اعزاز ہے۔ پاکستان کی نمائندگی کرنے والے قاری کے انتخاب کا عمل بھی جاری ہے۔
مقابلے کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔ شریک قراء کرام کے ویزوں کا اجراء ہو چکا ہے اور تمام غیر ملکی قراء کرام 23 نومبر کو اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔
پاکستان دوسری مرتبہ اس بین الاقوامی مقابلے کی میزبانی کر رہا ہے۔ پہلا بین الاقوامی مقابلہ برائے قرأت قرآن کریم 2025 میں منعقد کیا گیا تھا۔ اس مقابلے کی میزبانی پاکستان کے لیے یہ اعزاز بھی ہے کہ اسے دنیا بھر میں قرآن کریم کی تعلیمات اور اسلامی اقدار کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرنے کا موقع مل رہا ہے۔











