ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سے ملاقات، علاقائی سلامتی اور باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال

6

راولپنڈی، 17 نومبر )اے پی پی):اسلامی جمہوریہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی کی سربراہی میں اعلیٰ سطحی ایرانی وفد نے 16 نومبر کو راولپنڈی میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشان امتیاز (ملٹری)، ہلال جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز سے ملاقات کی۔

ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، علاقائی سلامتی کی صورتحال اور بدلتے ہوئے جیو پولیٹیکل حالات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں فریقین نے مشترکہ سلامتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے راستے تلاش کرنے پر خیالات کا تبادلہ کیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس فورسز نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ کے لیے دونوں برادر ممالک کے درمیان مسلسل رابطے، باہمی اعتماد اور قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔

ایرانی وزیر خارجہ نے علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں پاکستان کے تعمیری کردار کو سراہا اور دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کی اپنے ملک کی خواہش کا اظہار کیا۔